Friday , April 27 2018
Home / شہر کی خبریں / گاڑیوں میں اچانک آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ

گاڑیوں میں اچانک آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ

ناقص اور جعلی پرزوں کے استعمال سے گریز کا مشورہ ، فائر سیفٹی اقدامات ضروری
احتیاطی تدابیر
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گاڑیوں کی صحیح نگہداشت اور خاص کر موسم گرما میں آگ لگنے کے واقعات سے خود کی حفاظت کے لیے کاروں کی صحیح نگہداشت کی جانی چاہئے کاروں میں سجاوٹ کے لیے کئی برقی پرزے لگائے جاتے ہیں جو آسانی سے آگ پکڑ لیتے ہیں ان پرزوں کا استعمال ختم کیا جانا چاہئے ۔ علاوہ ازیں آگ بجھانے والا چھوٹا آلہ 200 تا 500 روپئے میں دستیاب ہے ۔ اسے اپنی کار میں نصب کردینا چاہئے ۔۔

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بائیک اور کار میں اپنی پسند کا ہارن یا آڈیو سسٹم نصب کرنا نوجوانوں کا پسندیدہ مشغلہ ہے لیکن سامانوں کی خریداری میں نادانستہ طور پر نقلی اور جعلی پرزوں کا استعمال موسم گرما میں گاڑیوں میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے ۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گاڑیوں میں صحیح اور اصلی سامان کا استعمال کریں چند پیسے بچانے کی چکر میں آتشزدگی کے واقعات کا خدشہ اور حادثات میں جان بھی گنوانی پڑتی ہے ۔ فروری تا اپریل شہر کے علاوہ تلنگانہ کی کئی سڑکوں پر دوپہیوں اور چار پہیوں کی گاڑیوں میں آگ لگنے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جیسا کہ 8 اپریل کو ٹینک بنڈ کا واقعہ جہاں ایک 19 سالہ نوجوان لوور ٹینک بنڈ سے گذرنے کے دوران اچانک بائیک میں آگ لگنے کے حادثے میں فوت ہوا ۔ 30 مارچ کو عادل آباد سے تعلق رکھنے والے عہدیدار کی کار ٹولی چوکی میں اچانک آگ کی لپیٹ میں آگئی ۔ تاہم اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ 24 مارچ کو بوئن پلی کے نزد کھڑی لاری میں آگ لگ گئی جس میں کوئی زخمی تو نہیں ہوا لیکن لاری کو شدید نقصان ہوا ۔ 28 فروری کے واقعہ میں آوٹر رنگ روڈ پر مسافر کی اس وقت موت ہوئی جب کار کے پلٹ جانے سے اس میں آگ لگ گئی علاوہ ازیں کئی ایسے اور واقعات ہیں جو میڈیا کی زینت نہیں بنے لیکن موسم گرما کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کاروں اور بائیک میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں جن کے سدباب کے لیے جہاں اصلی پرزوں کا استعمال ضروری ہے ۔ الکٹریکل میکانک محمد جاوید نے کہا کہ گاڑی کے مالکان کے چند پیسے بچانے کے خاطر دوسرے درجے کے ساز و سامان استعمال کرتے ہیں اور کئی ایسے وائرس مارکٹ میں دستیاب ہیں جو حفاظتی شرائط کی تکمیل نہیں کرتے ہیں لیکن یہ سستے ہونے کی وجہ سے استعمال کئے جاتے ہیں ۔ تاہم موسم گرما میں یہ حادثات کی وجہ بنتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT