Wednesday , May 23 2018
Home / Top Stories / گجرات انتخابات ،پہلے مرحلے میں 68 فیصد رائے دہی

گجرات انتخابات ،پہلے مرحلے میں 68 فیصد رائے دہی

احمد آباد ۔ /9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت 89 حلقوں میں آج زائد از 68 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ اس ریاست میں بی جے پی گزشتہ 22 سال سے برسراقتدار ہے ۔ جس کو اپوزیشن کانگریس سے سخت مقابلہ درپیش ہے جہاں کی انتخابی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس کی قیادت کے امکانی وارث راہول گاندھی ایک دوسرے کے خلاف تلخ و ترشی تنقیدی حملوں میں مصروف ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ سورت اور چند دیگر مراکز کے الیکٹرانک ووٹنگ مشینس (ای وی ایم) میں تکنیکی نقائص کی شکایات موصول ہوئی ہیں لیکن ان مشینوں کی تبدیلی کے بعد رائے دہی کا عمل بحال کردیا گیا ۔ چیف الیکشن آفیسر بی بی سوئین نے کہا کہ حلقہ اسمبلی پوربندر کے غالب مسلم آبادی والے تین علاقوں کے پولنگ بوتھس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کے بارے میں کانگریس کے لئے ارجن مودھ واڑیہ کی شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ سوراشٹرا اور جنوبی گجرات کی 89 نشستوں کیلئے 977 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں ۔ 2012 ء کے اسمبلی انتخابات میںان علاقوں بی جے پی کو 63 اور کانگریس کو 26 نشستوں پر کامیابی ملی تھی ۔ 182 رکن اسمبلی کے گزشتہ انتخابات میں 71.32 فیصد رائے دہی ہوئی تھی ۔ بی بی سوئین نے کہا کہ ’’بعض مقامات سے ووٹنگ مشینوں میں خرابی کی شکایات موصول ہوئی تھیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے فی الفور ان مشینوں کو ہٹاتے ہوئے دوسرے ووٹنگ مشینس فراہم کئے گئے ۔ گجرات میں سردی کی لہر کے باوجود ووٹرس کی کثیر تعداد صبح کی ابتدائی ساعتوں میں ہی گھروں سے نکل چکی تھی اور پولنگ بوتھس پر طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔

TOPPOPULARRECENT