گجرات انتخابات دوسرے مرحلہ میں کانگریس کے امکانات قوی

93 حلقوں میں 2 کروڑ 23 لاکھ رائے دہندے ، وزیراعظم کا آبائی ضلع بھی شامل
حیدرآباد۔12 ڈسمبر(سیاست نیوز) گجرات انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں 93 حلقہ جات اسمبلی میں رائے دہی ہوگی اور اس مرحلہ میں 2کروڑ 23لاکھ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کے دوران نریندر مودی کے آبائی ضلع مہسانہ میں رائے دہی ہوگی اس کے علاوہ گجرات کے بیشتر شہری اضلاع میں اسی دن رائے دہی منعقد ہوگی۔ دوسرے اورآخری مرحلہ کی رائے دہی کے دوران جملہ 851امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے جن میں 93بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ہیں اور 91کانگریس کے امیدواروں کے علاوہ اہم امیدواروں میں جگنیش میوانی اور دیگر شامل ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے دوران پٹیل تحفظات تحریک کے اثر کے سبب کہا جا رہاہے کہ مہسانہ میں کانگریس کو فائدہ حاصل ہوگا اور کانگریس اس فائدہ کا استعمال 2019 عام انتخابات کے دوران کرے گی ۔ 2012 اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس نے مہسانہ کی 7کے منجملہ 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی اور اس مرتبہ مزید 2نشستوں پر کامیابی کے آـثار دکھائے جا رہے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو ایسی صورت میں کانگریس مودی کے آبائی ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے۔گجرات میں مجموعی رائے دہندوں کا جائز ہ لیا جائے تو 9.5 فیصد مسلم رائے دہندے موجود ہیں اور نریندر مودی کے آبائی ضلع مہسانہ میں بھی مسلم رائے دہندوں کی مجموعی تعداد 9.5 فیصد ہے ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے مطابق گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں 25ہزار558 مراکز رائے دہی پر 2.23 کروڑ رائے دہندے اپنے جمہوری حق سے استفادہ کریں گے اور مراکز رائے دہی کی تفصیلات کی فراہمی کے علاوہ دگر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران رائے دہندوں کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس دوسرے مرحلہ میں 28ہزار 114 الکٹرانک ووٹنگ مشیناستعمال کئے جائیں گے اور ان تمام ووٹنگ مشینوں کو وی وی پی اے ٹی مربوط رکھا جارہا ہے اور اس بات کی ممکنہ کوشش کی جائے گی کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے متعلق کسی بھی قسم کی کوئی شکایات موصول نہ ہوں ۔ عہددیداروں کا کہنا ہے کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے سلسلہ میں عوا م میں موجود خدشات کو دور کرنا الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری تصور کرتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT