Sunday , February 18 2018
Home / ہندوستان / گجرات انتخابات کیلئے بی جے پی کے 70 امیدواروں کی فہرست جاری

گجرات انتخابات کیلئے بی جے پی کے 70 امیدواروں کی فہرست جاری

49 موجودہ ارکان، کانگریس کے پانچ باغیوں کو ٹکٹ، روپانی راجکوٹ سے امیدوار
نئی دہلی 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے گجرات انتخابات کیلئے آج اپنے 70 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کردی جس میں بی جے پی کے 49 موجودہ ارکان اسمبلی اور کانگریس کے پانچ باغی قائدین شامل ہیں۔ 182 رکنی اسمبلی کے لئے 9 اور 14 ڈسمبر کو دو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کیلئے جاری کردہ پہلی فہرست کے مطابق ریاست میں حکمراں پارٹی 19 نئے چہروں کو اپنا امیدوار نامزد کی ہے۔ حالیہ صدارتی اور راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی کی تائید کرنے والے کانگریس کے پانچ باغی ارکان راگھوجی پٹیل، دھرمیندر سنگھ جڈیجہ، رام سنہہ پرمار، منیش سنہہ چوہان اور سی کے راؤل جی کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ انھوں نے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کے امیدوار اور سینئر لیڈر احمد پٹیل کے خلاف ووٹ دیا تھا۔ چیف منسٹر وجئے بھائی روپانی کو مغربی راجکوٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نتن بھائی پٹیل مہسانہ سے مقابلہ کریں گے۔ بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے صدر جیتو بھائی واگھانی بھاؤنگر ویسٹ سے مقابلہ کریں گے۔ بی جے پی کے ان 70 امیدواروں میں 17 پٹیل، 18 دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) ، تین درجے فہرست طبقات اور 11 درج فہرست قبائیل سے تعلق رکھتے ہیں۔ دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں میں ٹھاکروں کی اکثریت ہے۔ امیدواروں کے انتخاب کیلئے بی جے پی کے صدر امیت شاہ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ سشما سوراج اور دوسروں نے بھی شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT