Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / گجرات لائنز کا آج حیدرآباد سن رائزرس سے مقابلہ

گجرات لائنز کا آج حیدرآباد سن رائزرس سے مقابلہ

راجکوٹ ، 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گجرات لائنز جو ٹورنمنٹ میں اب تک کھیلے گئے تمام تینوں میچز میں ناقابل شکست رہے ہیں، اپنی جیت کا متاثرکن سلسلہ جاری رکھنے کوشاں ہوں گے جب وہ سن رائزرس حیدرآباد کا آئی پی ایل 9 کے میچ میں کل یہاں مقابلہ کریں گے۔ لائنز اپنے پہلے سیزن میں تاحال بہت خوب کھیلے ہیں جیسا کہ انھیں تمام تینوں مقابلوں میں اطمینان بخش کامیابیاں حاصل ہوئیں اور وہ اس کلین ریکارڈ کو کل سوراشٹرا کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں برقرار رکھنا چاہیں گے۔ ہوم ٹیم کو آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کی واپسی سے بھی تقویت ملے گی جو اپنی شادی کے سبب ڈیفنڈنگ چمپینس ممبئی انڈینس کے خلاف سات وکٹ کی زبردست فتح میں نہیں کھیلے تھے۔ لائنز ٹیم کے ذرائع نے کہا کہ جڈیجا کی ٹیم کو واپسی طے ہے کیونکہ مابعد شادی کی تمام رسومات مکمل ہوچکی ہیں۔ آئی پی ایل میں شروعات کرنے والوں نے اپنے ہوم گراؤنڈ سے دور کے اب تک دونوں میچز کنگس الیون پنجاب اور ممبئی انڈینس کے خلاف جیتے ہیں۔ انھوں نے ہوم گراؤنڈ پر مہندر سنگھ دھونی زیرقیادت رائزنگ پونے سوپر جائنٹس کو بھی سات وکٹوں سے ہرایا ہے۔ آسٹریلیائی اوپنر آرن فنچ جنھوں نے تین میچز میں تین ففٹیاں بنائیں، پھر ایک بار لائنز کیلئے بیٹنگ کی اصل طاقت ہوں گے۔ جارحانہ کیوی اوپنر برنڈن مک کلم نے ابھی کوئی بڑا اسکور نہیں کیا اور کپتان سریش رائنا کو بھی اچھی شروعات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی اننگز کھیلنا ہے۔ بولنگ اٹیک نے معقول مظاہرہ پیش کیا ہے جس میں ڈوین براوو، جیمز فالکنر اور پراوین کمار کا اہم رول ہے۔ دوسری طرف، سن رائزرس نے تین میچز میں صرف ایک جیتا ہے۔ انھوں نے اپنے گزشتہ میچ میں جو ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا، ممبئی انڈینس کے مقابل 7 وکٹ کی حوصلہ افزا جیت درج کرائی، جس میں کپتان ڈیوڈ وارنر نے 59 گیندوں میں 90 ناٹ آؤٹ اسکور کئے ۔ وارنر اپنا دن ہو تو کسی بھی بولنگ اٹیک کی دھجیاں اُڑا سکتے ہیں لیکن اُن کی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ یوراج سنگھ اور کین ولیمسن جیسے اسٹارز کی غیرموجودگی میں کمزور دکھائی دی ہے، جو دونوں ورلڈ T20 کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ اوپنر شکھر دھون کے ناقص فام نے بھی ٹیم کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔ یوراج اور ولیمسن کل کے میچ کیلئے بھی دستیاب ہونے کا امکان نہیں ہے۔ یوراج کا آئندہ ہفتے کے اوائل تک فٹ ہونا متوقع نہیں اور سن رائزرس کو اُن کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے۔ سینئر پیسر آشیش نہرا کی غیرموجودگی میں جو سن رائزرس کے پہلے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف گروئن انجری کا شکار ہوئے، بھونیشور کمار اور مستفیض الرحمن نئی گیند سنبھالیں گے۔

TOPPOPULARRECENT