Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / گجرات میں آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی

گجرات میں آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی

وزیراعظم مودی کے آبائی موضع مہسانہ کے بشمول 93 حلقوں میں پولنگ

احمدآباد ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی کے اہم ترین انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں کل اہم ترین رائے دہی ہوگی۔ وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہول گاندھی کی جانب سے پرزور انتخابی مہم چلائے جانے کے بعد دونوں قائدین کی پارٹیوں کیلئے عوام ووٹ ڈالیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے آبائی موضع مہسانہ کے بشمول 14 اضلاع میں پھیلے ہوئے 93 اسمبلی حلقوں میں رائے دہی ہوگی جہاں جملہ 851 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ شمال اور وسط گجرات میں ہونے والا یہ دوسرا مرحلہ اہمیت کا حامل ہے۔ 2.22 کروڑ عوام اپنے حق ووٹ کا استعمال کریں گے۔ کل کے انتخابی مقابلہ کیلئے میدان میں جن اہم امیدواروں کا نام شامل ہے، ان میں ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل جو مہسانہ سے مقابلہ کررہے ہیں، اپنے حریف کانگریس امیدوار جیوا بھائی پٹیل کا سامنا کریں گے۔ الپیش ٹھاکر جنہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے، ردھن پور حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔ ان کے خلاف بی جے پی کے لونگ جی ٹھاکر میدان میں ہیں۔ بی جے پی کے خلاف ذات پات کا بلاک تشکیل دینے کی کوشش کرتے ہوئے کانگریس نے ہاردک پٹیل، ٹھاکر طبقہ اور میوانی طبقہ کی تائید حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ تینوں پاٹیدار، او بی سی اور دلتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان اسمبلی انتخابات کو 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے ایک ریفرنڈم سمجھا جارہا ہے۔ وزیراعظم مودی کیلئے گجرات اسمبلی انتخابات وقار کی جنگ ہے، جنہوں نے اپنی آبائی ریاست میں حکمراں بی جے پی کیلئے طوفانی انتخابی مہم چلائی تھی۔ یہ انتخابات راہول گاندھی کیلئے بھی سخت امتحان ثابت ہوں گے جنہوں نے کانگریس کیلئے پرزور مہم چلائی ہے۔

TOPPOPULARRECENT