Friday , February 23 2018
Home / Top Stories / گجرات میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن کا سرخ قالین استقبال کی تیاریاں

گجرات میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن کا سرخ قالین استقبال کی تیاریاں

سٹی ایرپورٹ تا سابرمتی آشرم 8 کیلومیٹر طویل شاہراہ پر 50 خیرمقدمی شہ نشین ، ملک بھر سے یہودیوںکی احمدآباد آمد ، ثقافتی پروگرامس کا اہتمام
احمدآباد۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کل اپنے ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ گجرات جائیں گے تو ان کا یہاں پر سرخ قالین پر استقبال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم کا روڈ شو کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے جو تقریباً 8 کیلومیٹر کا احاطہ کرے گا۔ ذرائع نے کہا کہ یہ روڈ شو ، سٹی ایرپورٹ سے شروع ہوکر سابرمتی آشرم پر ختم ہوگا۔ اس درمیان 8 کیلومیٹر طویل شاہراہ کی دونوں جانب تقریباً 50 شہ نشین بنائے گئے ہیں جہاں سے مختلف ریاستوں کے عوام نیتن یاہو کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پہلی بار اسرائیل کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا تھا اور اسی طرح سے اسرائیلی وزیراعظم کا بھی خیرمقدم کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جہاں پر اب دونوں وزرائے اعظم دو اہم ترین تقاریب شرکت کریں گے اور سنٹر آف ایکسلینس نامی پراجیکٹ کا افتتاح انجام دیں گے۔ بعدازاں سابرمتی آشرم کا دورہ کریں گے، جہاں پر بابائے قوم مہاتما گاندھی نے اپنی زندگی کا بڑا عرصہ گذارا تھا۔ احمدآباد میونسپل کارپوریشن اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدرنشین پراوین پٹیل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جہاں مہمان وزیراعظم کا سرخ قالین کے ساتھ استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 8 کیلومیٹر طویل شاہراہ پر بیریکیٹس کے علاوہ 50 شہ نشین بنائے گئے ہیں۔ ان شہ نشینوں پر روایتی، ثقافتی پروگرامس پیش کرتے ہوئے مختلف انداز میں اسرائیلی وزیراعظم کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سکونت پذیر یہودی طبقہ بھی اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم کا استقبال کرے گا۔ پورے شہر کو ایرپورٹ سے لے کر سابرمتی آشرم تک سجا دیا گیا ہے۔ یہاں اسرائیلی وزیراعظم کو ان کی اہلیہ سارہ کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں وزیراعظم مودی اپنے جاپانی ہم منصب شینزو ابے کے ساتھ بھی یہاں پر روڈ شو کا اس وقت اہتمام کیا تھا، جب وہ ہندوستان کے دورہ پر آئے تھے۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم ، مودی کو ایک خاص تحفہ ’’گل موبائیل واٹر‘‘نامی جیپ پیش کریں گے جس پر مودی نے گزشتہ سال دورہ اسرائیل کے موقع پر ساحل پر سواری کی تھی۔

 

بنجامن نتن یاہو نے اہلیہ کے ساتھ تاج محل کا نظارہ کیا
آگرہ،16جنوری(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے سات عجائبات میں شامل تاج محل کے دیدار کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو واہ تاج کہنے سے خود کو نہیں روک سکے ۔ مسٹر نتن یاہو اپنی اہلیہ سارا کے ساتھ آج تقریباً گیارہ آگرہ پہنچے اور تاج کے احاطے میں ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک موجود رہے ۔ انہوں نے اپنی بیوی کے ساتھ ڈائنا بنچ پر بیٹھ کرتصویر بھی کھنچوائی۔ اس موقع پر لوک فنکاروں نے بہترین رقص طاؤس پیش کرتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔فنکاروں نے بھی ان کے ساتھ فوٹو کھنچوائی۔سخت حفاظتی انتظاماتی کے درمیان نتن یاہو فن تعمیر کے اس نادر روزگار نمونے کو دیکھتے رہے اور اس کی تعریف کی۔ نتن یاہو کی موجودگی میں عام سیاحوں کو تاج کے احاطے میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ تاج محل کی دیدار کے بعد انہوں نے ایک ہوٹل میں لنچ کیا اور اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی جو تقریباً 20 منٹ جاری رہی۔اس سے پہلے وزیر اعلی یوگی آتیہ ناتھ نے اسرائیل کے وزیر اعظم کا ہوائی اڈہ پر خیر مقدم کیا۔

TOPPOPULARRECENT