Monday , December 11 2017
Home / ہندوستان / گجرات میں بیف رکھنے پر ایک شخص کو 3 سال قید

گجرات میں بیف رکھنے پر ایک شخص کو 3 سال قید

گائے سے ایک طبقہ کا مذہبی تعلق ، جج کا ریمارک
سورت ۔ /8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مقامی عدالت نے ایک شخص کو بیف رکھنے کی پاداش میں تین سال قید کی سزاء سنائی ۔گندیوی جوڈیشیل مجسٹریٹ (فرسٹ کلاس) سی وائی ویاس نے 35 سالہ رفیق الیاس بھائی خلیفہ کو گجرات تحفظ جانواران (ترمیمی) قانون 2011 ء کے مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے 10 ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا ۔ گجرات میں بیف یا بیف کی اشیاء رکھنا ، خرید و فروخت اور منتقلی پر امتناع ہے ۔ جج نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ گائے کا ایک طبقہ کے مذہبی احساسات و تعلق ہے  ۔ اس لئے اس طرح کے جرائم کی وجہ سماج میں امن کو خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔ اگر ملزم کو جیل کی سزاء دی جائے تو یہ دوسروں کے لئے بھی ایک مثال ہوگی اور وہ ایسے جرم کا ارتکاب کرنے سے باز رہیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وکیل دفاع کا یہ عذر کہ ملزم کے ساتھ نرمی اختیار کی جائے کیونکہ وہ معاشی اعتبار سے غریب ہے ۔ کسی طرح منصفانہ نہیں ہوسکتی ۔ جج نے کہا کہ محض ملزم کا معاشی پس منظر کمزور ہونے اور خاندان کا اس پر انحصار ہونے کی بنا سزا میں نرمی کو درست و منصفانہ نہیں کہا جاسکتا ۔ رفیق ضلع سورت کے گندیوی تعلقہ کا ساکن ہے اور اسے /18 اکٹوبر 2014 ء کو گاؤ تحفظ گروپ کے دو ارکان نے موٹر سائیکل پر تقریباً 20 کیلو بیف مالیتی تقریباً 4 ہزار روپئے لے جاتے ہوئے پکڑلیا تھا ۔ایک اور ملزم حنیف یوسف بھائی قصاب کو جنہیں اس مقدمہ کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا شواہد نہ ہونے کی بنا عدالت نے بری کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT