Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / گجرات میں کانگریس کی تائید کرنے ہاردک پٹیل کا اعلان

گجرات میں کانگریس کی تائید کرنے ہاردک پٹیل کا اعلان

کانگریس نے پاٹیدار برادری کو خصوصی زمرہ کے تحت تحفظات دینے کے مطالبہ سے اتفاق کرلیا
احمدآباد ۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاٹیدار کوٹہ تحریک کے لیڈر ہاردک پٹیل نے گجرات اسمبلی انتخابات میں آج کانگریس کی تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ اس اپوزیشن پارٹی نے ان کی برادری کو ’’خصوصی زمرہ‘‘ کے تحت تحفظات دینے سے اتفاق کرلیا ہے۔ پاٹیدار انامت آندولن سمیتی (پی اے اے ایس) کے لیڈر پٹیل نے کہا کہ کانگریس کی طرف سے ان کی برادری کو دیا گیا تحفظات کا فارمولہ درج فہرست طبقات و قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے 50 فیصد کوٹہ کے علاوہ زائد ہوگا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے 50 فیصد کوٹہ کی حد کے بارے میں ہاردک پٹیل نے کہا کہ یہ محض ایک تجویز ہے۔ ہاردک پٹیل نے کہا کہ اگر کانگریس برسراقتدار آتی ہے تو تحفظات کی فراہمی کیلئے مناسب سروے کیا جائے گا۔ یہ پارٹی ریاستی اسمبلی میں ایک بل پیش کرے گی اور اس کے ذریعہ تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ ہاردک پٹیل نے کہا کہ ’’گجرات میں میری لڑائی بی جے پی کے خلاف ہے اور یہی وجہ ہیکہ ہم راست یا بالواسطہ طور پر کانگریس کی تائید کررہے ہیں کیونکہ اب اس (کانگریس) نے تحفظات کیلئے ہمارے مطالبہ کی تائید بھی کررہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس نے اپنے منشور میں ہمارا مطالبہ شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے‘‘۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت کی طرف سے قائم کئے جانے والے کمیشن کی طرف سے سروے کے بعد ہمیں خصوصی زمرہ کے تحت تحفظات دینے کا فیصلہ کیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ درج فہرست طبقات، قبائیل اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات کے موجودہ 49 فیصد کوٹہ کو چھیڑے بغیر کانگریس نے ان طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جنہیں دستور کی دفعہ 31(C) اور دفعہ 46 کے تحت فائدہ نہیں پہنچا ہے‘‘۔ ہاردک پٹیل نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر کانگریس سے کوئی اختلاف نہیں ہے کیونکہ ہم نے نشستوں کیلئے کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا بلکہ ہم نے کانگریس سے ہماری برادری کے ایسے امیدواروں کو نامزد کرنے کیلئے کہا تھا جو طاقتور موقف رکھتے ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT