Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / گجرات میں کانگریس کے شاندار مظاہرہ پر ملک میں تبدیلی کی لہر

گجرات میں کانگریس کے شاندار مظاہرہ پر ملک میں تبدیلی کی لہر

راہول گاندھی کا اگلا نشانہ تلنگانہ ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے گجرات میں کانگریس کے شاندار مظاہرے کو ملک میں تبدیلی کی لہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کا اگلا نشانہ ریاست تلنگانہ ہوگا ۔ آج دہلی میں اے آئی سی سی کے ہیڈکوارٹر پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گجرات کے نتائج سے واضح اشارے مل چکے ہیں کہ بہت جلد سارے ملک میں کانگریس کا احیاء ہوگا اور جن ریاستوں میں کانگریس پارٹی اقتدار سے محروم ہوئی ہیں ان ریاستوںپر دوبارہ کانگریس کا قبضہ ہوجائے گا ۔ 22 سال تک گجرات پر حکمرانی کرنے والی بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کے پیروں تلے زمین کھسکانے میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی پوری طرح کامیاب ہوئے ہیں اور یہ کانگریس پارٹی کی اخلاقی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2012 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے 61 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور 2017 میں 80 اسمبلی حلقوں پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ 5 سال کے دوران کانگریس کے ووٹنگ تناسب میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ بی جے پی نے کئی مرتبہ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سیاسی مفاد پرستی کے لیے غیر جمہوری طریقہ کار اپناتے ہوئے ووٹوں کو متحد کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اس کے باوجود کانگریس پارٹی نے گجرات میں بی جے پی کے لیے سخت مقابلہ پیش کیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے والے رائے دہندگان سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ راہول گاندھی نے گجرات میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے عوام کے دلوں میں اپنا مقام بنایا ہے ۔ یہ کانگریس کی اخلاقی کامیابی ہے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے نفرت کے خلاف محبت کا پیغام عام کیا ہے ۔ جب کہ بی جے پی نے کئی مرتبہ حدود پارکیا ہے ۔ راہول گاندھی نے انتخابی مہم کے دوران صرف عوامی مسائل کو اٹھایا ہے جب کہ بی جے پی نے کانگریس کے خلاف من گھڑت جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں ۔ گجرات میں کانگریس کامظاہرہ سارے ملک کو روشن مستقبل کا اشارہ دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کا اگلا نشانہ ریاست تلنگانہ ہوگا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2019 میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تنظیمی سطح پر مستحکم ہورہی ہے ۔ گجرات میں کانگریس کے شاندار نتائج سے وزیراعظم کے مقبول ترین امیدوار کے طور پر راہول گاندھی اچانک ابھر چکے ہیں ۔ ملک کے عوام راہول گاندھی کی قیادت کو قبول کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں کامیابی کیلئے خصوصی حکمت عملی کے ساتھ کانگریس پارٹی آگے بڑھ رہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT