Monday , June 25 2018
Home / Top Stories / گجرات کی ترقی کے دعوے کھوکھلے ‘ صورتحال بالکل مختلف : کجریوال

گجرات کی ترقی کے دعوے کھوکھلے ‘ صورتحال بالکل مختلف : کجریوال

متھورا ۔ 9؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے آج بی جے پی لیڈر نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ گجرات چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ریاست ( گجرات ) میں غریبوں کیلئے 50,000 مکانات تعمیر کرینگے لیکن انہوں نے 50 مکانات بھی تعمیر نہیں کئے جبکہ وہ گیارہ سال سے اقتدار پر ہیں۔ کجریوال نے نوجھیل ٹاؤن میں ی

متھورا ۔ 9؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے آج بی جے پی لیڈر نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ گجرات چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ریاست ( گجرات ) میں غریبوں کیلئے 50,000 مکانات تعمیر کرینگے لیکن انہوں نے 50 مکانات بھی تعمیر نہیں کئے جبکہ وہ گیارہ سال سے اقتدار پر ہیں۔ کجریوال نے نوجھیل ٹاؤن میں یہاں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی گجرات کے ترقی کے ماڈل کی زبردست تشہیر کر رہی ہے لیکن وہاں زمینی حقائق اس کے بالکل مختلف ہیں۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے بی جے پی اقتدار والی ریاستوں پر تنقید کی اور کہا کہ ان ریاستوں میں کرپشن انتہائی عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سندھیا کی جانب سے سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈار کے خلاف کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی ہے

حالانکہ انہوں نے اس کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانکنی مافیا کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس نے مدھیہ پردیش میں ایک آئی پی ایس عہدیدار نریندر سنگھ کو ہلاک کیا تھا ۔ مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع میں کانکنی مافیا نے انہیں روکنے کی کوشش کرنے والے ایک نوجوان آئی پی ایس عہدیدار کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کردیا تھا ۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نے گجرات میں غریبوں کیلئے پچاس ہزار مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن گیارہ سال گذرنے کے باوجود انہوں نے پچاس مکانات بھی تعمیر نہیں کئے ۔ کجریوال نے بی ایس پی اور سماجوادی پارٹی پر بھی تقنید کی اور کہا کہ اتر پردیش میں حالانکہ حکومت بدل گئی لیکن حالات نہیں بدلے کیونکہ دونوں ہی جماعتیں کرپشن کے فروغ کی ذمہ دار ہیں۔ قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی و کرپشن کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کی پالیسی بڑے کاروباری گھرانوں کے مفادات کو پروان چڑھانے کی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ کسانوں کی زمینات کا تحفظ کرنے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ اس کے بدلے بڑے کاروباری گھرانوں کیلئے کسانوں کی اراضیات حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت نے مخالف کسان پالیسی اختیار کی تھی جس کی وجہ سے آج کسان بے زمین ہوتے جا رہے ہیں۔ کجریوال نے ان کے خلاف سیاہ جھنڈیوں کا مظاہرہ کرنے والے بی جے پی کارکنوں سے ہوئی اپنی بات چیت کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان سے سوال کیا تھا کہ آیا دیہی علاوں میں سڑکوں کی حالت بہتر ہے ؟ آیا جن کسانوں کی اراضیات حاصل کرلی گئی ہیں ان کے رشتہ داروں کو ملازمتیں دی گئیں ؟ ۔ ان سوالات پر بی جے پی کارکنوں کو حقیقت معلوم ہوئی اور انہوں نے گمراہ کئے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی سے وابستگی اختیار کی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ دہلی میں حکمرانی کے صرف 49 دن ملنے کے باوجود ان کی حکومت نے کچھ وعدوں کی تکمیل کی کوشش کی تھی لیکن انہیں روکنے کانگریس اور بی جے پی ایک ہوگئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT