Thursday , January 18 2018
Home / Top Stories / گجرات کے نتائج بی جے پی کیلئے حیران کن ہوں گے

گجرات کے نتائج بی جے پی کیلئے حیران کن ہوں گے

وزیراعظم مودی کے پاس کوئی ویژن نہیں ، کانگریس گجرات میں سب کو ساتھ لیکرچلنے کوشاں : راہول

نئی دہلی، 13 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نومنتخب صدر راہول گاندھی نے گجرات کے آخری مرحلے پولنگ سے ایک دن قبل پارٹی کی جیت کے تئیں اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن یک طرفہ اور بھارتیہ جنتا پارتی کے لئے چونکانے والا ثابت ہوگا۔ اگلے چند دنوں میں کانگریس کی کمان سنبھالنے جارہے راہول گاندھی نے آج ایک چیانل کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ گجرات کے لوگوں میں بی جے پی کے تئیں کافی غصہ ہے اور وہاں لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے لوگوں کو کوئی ویژن نہیں دے پائے اس لئے یہ الیکشن یک طرفہ ہوں گے اور بی جے پی کے لئے چونکانے والے ہوں گے ۔

اس الیکشن میں کانگریس کے لئے کافی زبردست مہم چلانے والے راہول نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ریاست کے ہر طبقہ سے پوچھ کر اپنا انتخابی منشور تیار کیا اور ریاست کو ایک ویژن دیا جو یہاں کے عوام کا بھی ویژن ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران مودی کے ذریعہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر کئے گئے تبصرہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مودی نے جو کہا ہے وہ وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے اچھا جواب دیا ہے کہ وہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پوری زندگی ملک کے لئے کام کیا ہے ۔ مودی کے بارے میں منی شنکر ایر کے تبصر کے سلسلے میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ واضح پیغام دے چکے ہیں کہ وزیر اعظم ملک کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس عہدہ کا احترام ہونا چاہئے ۔ مودی سے ہمارے اختلافات ہیں وہ ہمارے بارے میں جو چاہیں بولیں لیکن کانگریس کی طرف سے اس طرح کی بات نہیں کی جائے گی۔ کانگریس سے پاک ہندوستان کے بارے میں مودی کے بیان کے بارے میں راہول نے کہا کہ کانگریس ایک نظریہ ہے جو پیار اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتی ہے ۔ اس سے ہندوستان کو آزاد نہیں کیا جاسکتا ہے ۔کانگریس صدر کے طوروہ اس نظریہ کو فروغ دینے کیلئے کام کریں گے ۔
میرا امیج بی جے پی نے بگاڑا تھا : راہول
احمدآباد ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر منتخب راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ گجرات کی برسراقتدار بی جے پی نے پیسے کی طاقت اور افرادی قوت کو استعمال کرتے ہوئے میرے امیج کو بگاڑ کر پیش کیا تھا۔ گجرات اسمبلی چناؤ کیلئے انتخابی مہم گذشتہ روز اختتام پذیر ہوئی۔ پولنگ کے دوسرے و آخری مرحلہ سے ایک روز قبل گجراتی نیوز چینلوں سے بات کرتے ہوئے راہول نے اعتماد ظاہر کیا کہ کانگریس الیکشن جیتے گی۔ راہول جو اس ہفتہ کے اواخر صدر پارٹی کی حیثیت سے باقاعدہ جائزہ حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ سچائی پر یقین رکھتے ہیں اور سچ بات کہتے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا انہوں نے اپنی شبیہہ میں کوئی تبدیلی لاتے ہوئے نیا روپ پیش کرنے کی کوشش کی ہے، راہول نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ہے۔ بی جے پی ورکرس نے پیسے کی طاقت کے بل بوتے پر راہول گاندھی کی حقیقت کو بگاڑ کر پیش کیا تھا۔ اس کیلئے کافی رقم خرچ کی گئی۔ انہوں نے کافی لوگوں کو اس کام میں مشغول کردیا تاکہ راہول گاندھی کے امیج کو نقصان پہنچایا جاسکے۔ ’’میرا سچائی پر یقین ہے۔ میں سچ بات کہتا ہوں۔ اب حقیقت سامنے آرہی ہے اور وہ اس کا سامنا کرنے تیار نہیں ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT