Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / گرما میں برقی کی اضافی طلب پوری کرنے تیار

گرما میں برقی کی اضافی طلب پوری کرنے تیار

چیف منسٹر کی اہل قیادت سے 24 گھنٹے برقی سربراہی: پربھاکر راؤ
حیدرآباد 5 اپریل ( این ایس ایس ) ٹی ایس جینکو اور ٹی ایس ٹرانسکو کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قابل قیادت اور ریاستی حکومت کی مکمل تائید و حمایت کی وجہ سے ان کا محکمہ ریاست میں یکم جنوری سے 23 لاکھ پمپ سیٹس کو 24 گھنٹے بلا رکاوٹ برقی سربراہی فراہم کرنے میں کامیاب ہوا ہے اور یہ کام تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قریبی نگرانی اور جامع منصوبہ بندی اور یومیہ اساس پر نگرانی کی وجہ سے اور ملازمین کی کوشوں کی وجہ سے ایسا ممکن ہوسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے یہ امتیاز حاصل کرنے والی تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے ۔ وہ سابق نائب وزیر اعظم بابو جگجیون رام کی یوم پیدائش کے موقع پر ودیوت سودھا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو برقی شعبہ میں خود مکتفی بنانے ٹی ایس جینکو نے 5880 میگاواٹ صلاحیت کے پراجیکٹس شروع کئے ہیں۔ ان میں منوگورو ‘ کتہ گوڈم اور دامرچرلہ کے پراجیکٹس شامل ہیں اور ان کیلئے 37,938 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ کے سی آر حکومت کی جانب سے عوامی شعبہ کے ذریعہ برقی پیدا کرنے کی کوششوں کی ملک بھر میں ستائش کی گئی ہے ۔ مسٹر پربھاکر راؤ نے کہا کہ اسٹیٹ گرڈ میں 8 مارچ 2018 کو سب سے زیادہ طلب 10,248 میگاواٹ کی ملی تھی جو تلنگانہ برقی شعبہ میں اب تک کی سب سے زیادہ طلب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن سسٹم 11000 میگاواٹ برقی آئندہ دنوں میں سربراہ کرنے کے موقف میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن کو مستحکم بنانے کیلئے 12,136 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT