Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / گرما کے دوران عوام کو بلا رکاوٹ برقی سربراہی

گرما کے دوران عوام کو بلا رکاوٹ برقی سربراہی

کٹوتی سے گریز ، غفلت و لاپرواہی کیخلاف اسٹاف کو انتباہ: جگدیش ریڈی
حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 24 گھنٹے برقی کی معیاری و مؤثر سربراہی کیلئے کوئی مشکلات درپیش نہیں ہیں اور 9 ہزار میگاواٹ برقی کی طلب کی تکمیل کرتے ہوئے برقی کی مؤثر سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت تلنگانہ تیار ہے۔ موسم گرما کی شدت سے برقی مانگ و برقی کے استعمال میں اضافہ کے باوجود مؤثر برقی سربراہی کے لئے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں جیسا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس نے برقی سربراہی کے معاملہ میں عوام کو تیقن دیا تھا۔ اسی مناسبت سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے 24 گھنٹے برقی کی مؤثر سربراہی کیلئے خصوصی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی کے ذریعہ 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ منٹ کمپاؤنڈ میں واقع ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل آفس میں برقی سربراہی کی صورتحال کا عہدیداران برقی کے ساتھ آج یہاں منعقدہ اجلاس میں جائزہ لینے کے بعد وزیر توانائی جگدیش ریڈی نے مذکورہ انکشاف کیا۔ اس جائزہ اجلاس میں تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ اور رگھوما ریڈی سی ایم ڈی ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل جناب میر کمال الدین علی خان ڈائرکٹر ٹرانسکو و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ وزیر توانائی نے بتایا کہ موسم گرما کے پیش نظر برقی استعمال میں اضافہ کے باعث برقی مانگ اور برقی سربراہی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ گھریلو صارفین صنعتی اغراض کے ساتھ ساتھ کاروباری افراد کو ضرورت کے مطابق برقی سربراہ کرنے میں محکمہ برقی صد فیصد کامیاب ہوا ہے جس کی وزیر موصوف نے ستائش کی۔ علاوہ ازیں زرعی اغراض کیلئے بھی وعدے کے مطابق 9 گھنٹے مؤثر برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے مزید کہاکہ فی الوقت برقی کی مانگ 7200 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ وزیر برقی نے مزید بتایا کہ برقی کی مؤثر سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے نئے برقی لائسنس کی تنصیب، نئے برقی سب اسٹیشن کے علاوہ برقی ٹرانسفارمرس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے بھی مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہاکہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں برقی کی سربراہی کا اس موقع پر جائزہ لیا گیا جس پر عہدیداروں نے واقف کروایا کہ صرف برقی لائسنس کی درستگی کی ضرورت پڑنے پر ہی برقی سربراہی مسدود کی جارہی ہے اور کسی خلل اندازی کے بغیر شہر حیدرآباد میں برقی سربراہی کے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے کہاکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں تاحال بلا رکاوٹ برقی کی سربراہی کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ دنوں میں بھی مؤثر برقی سربراہی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT