Wednesday , December 13 2017
Home / ہندوستان / گرمیت کا سی اے گرفتار، 6 یوم کا پولیس ریمانڈ

گرمیت کا سی اے گرفتار، 6 یوم کا پولیس ریمانڈ

فتح آباد، 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے سرسا میں واقع ڈیرہ سچا سودا معاملہ کی جانچ کرنے والی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ڈیرہ کے سربراہ گرمیت رام رحیم کے قریبی سمجھے جانے والے اور ڈیرہ کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ چھندرپال اروڑہ کو یہاں گرفتار کر لیا ہے ۔ایس آئی ٹی نے اروڑہ کو کل شام گئے عدالت میں پیش کرکے پوچھ گچھ کیلئے چھ دن کی تحویل میں لیا ہے ۔ ڈیرہ کی کمپنی ایم ایس سی کے چیف ایگزیکٹیو افسر اروڑہ پر گزشتہ 25 اگست کو ڈیرہ کے سربراہ کی پنچ کلا کی سی بی آئی عدالت میں پیشی کے بعد وہاں تشدد بھڑکانے کا الزام ہے ۔ ایس آئی ٹی اسے کئی دنوں سے تلاش کر رہی تھی۔ وہ گرفتاری سے بچتے ہوئے مقامی ماتو رام کالونی میں اپنے ایک رشتہ دار کے گھر میں رہ رہا تھا۔ایس آئی ٹی اروڑہ سے پوچھ گچھ کرکے اس سے ڈیرہ کی آمدنی کے ذرائع اور املاک سمیت دیگر اطلاعات حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس کی گرفتاری کے بعد ایس آئی ٹی کو اب ڈیرہ کے ترجمان آدتیہ انسا اور پون انسا کے علاوہ ایک دیگر گوبی رام کو بھی جلد پکڑنے کی امید پیدا ہوگئی ہے ۔ یہ تینوں ہی 25 اگست کے بعد سے فرار ہیں۔ایس آئی ٹی نے ڈیرہ کے سربراہ کی گود لی ہوئی بیٹی ہنی پریت کے ساتھ گرفتار کی گئی بھٹنڈا کی رہنے والی اس کی معاون سکھ دیپ کور کی پھوپھی شرن دیپ کور اور اس کے بیٹے گرمیت کو بھی گرفتار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT