Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / گریش کرناڈ و بی جے پی ایم پی پرتاپ سمہا کو قتل کی دھمکیاں

گریش کرناڈ و بی جے پی ایم پی پرتاپ سمہا کو قتل کی دھمکیاں

ٹیپو یوم پیدائش تقاریب تنازعہ میں مزید شدت ۔ بی جے پی کا چیف منسٹر کی علیحدگی کا مطالبہ ۔ وی ایچ پی کا آج بند
بنگلورو 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شیر میسور ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش تقاریب پر پیدا تنازعہ کے دوران گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ فنکار گریش کرناڈ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا کو سوشیل میڈیا پر موت کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اور بی جے پی نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ حقیقت بیان کرنے والے اور اصول پسند کنڑا مصنف و اداکار اور بی جے پی کے میسور رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا کو مبینہ طور پر سوشیل میڈیا پر موت کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں ۔ دونوں نے ٹیپو سلطان کے تعلق سے ریمارکس کئے تھے۔ ماڈیکیری میں گذشتہ منگل کو سرکاری طور پر ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش تقاریب منائی گئی تھیں

جس کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا ۔ دونوں نے اس تشدد پر ریمارکس کئے تھے ۔ حکومت کرناٹک نے منگل کو سرکاری طور پر ٹیپوسلطان کی یوم پیدائش تقاریب کا اہتمام کیا تھا۔ اس تعلق سے ادعا کیا جا رہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی رائے منقسم ہے ۔ وی ایچ پی کی جانب سے ماڈیکیری تشدد کے دوران اپنے کارکن کی موت پر جمعہ کو کرناٹک بند کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ ریاست میں حکومت کی جانب سے ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش تقاریب منائے جانے پر بی جے پی اور دوسری ہندو تنظیموں نے شدید اعتراض کیا تھا ۔ گریش کرناڈ پر ہندو تنظیموں کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ بنگلورو انٹرنیشنل ائرپورٹ کو شہر کے بانی کیمپے گوڑا کے نام کی بجائے ٹیپو سلطان کے نام سے موسوم کیا جانا چاہئے ۔ گریش کرناڈ کو ٹوئیٹر پرے ہ دھمکی موصول ہوئی ہے کہ ان کا بھی وہی حشر کیا جائیگا جو اصلاح پسند مصنف ایم ایم کلبرگی کا ہوا تھا ۔ کلبرگی کو دھرواڑ میں ان کی قیامگاہ پر دو افراد نے گولی ما رکر ہلاک کردیا تھا ۔ میسور ۔ کوڈاگو بی جے پی ایم پی پرتاپ سمہا کو بھی ان کے فیس بک پیج پر دھمکی ملی ہے ۔ انہوں نے ماڈیکیری میں ہوئے تشدد کے تعلق سے اپنے فیس بک پر ریمارک کیا تھا ۔ ان دونوں کو دھمکیوں کے پیش نظر بی جے پی نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا ٹیپو سلطان یوم پیدائش تقاریب میں دو افراد کی موت کے پیش نظر مستعفی ہوجائیں ۔

TOPPOPULARRECENT