Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ

گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ

حکومت کی اسکیمات ، فلاحی اقدامات سے ہر طبقہ مستفید ، راجیشور ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/19جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی نے گریٹر حیدرآباد انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ سماج کے تمام طبقات کی ٹی آر ایس کو تائید حاصل ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ محنت مزدوری کرنے والا طبقہ ٹی آر ایس حکومت کے فلاحی اقدامات سے متاثر ہے اور انہیں یقین ہے کہ گریٹر انتخابات میں اس طبقہ کی تائید حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت ہمیشہ ہی غریبوں اور محنت مزدوری کرنے والوں کے مفادات کی محافظ رہی ہے اور حکومت موافق غریب اور مزدور ہے۔ راجیشور ریڈی نے لیبر طبقہ کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیمات اور ہیلت کارڈ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو 43فیصد فٹمنٹ فراہم کیا گیا ہے جس کا وعدہ تلنگانہ تحریک کے دوران کیا گیا تھا۔ شہری علاقوں کو 24گھنٹے برقی کی سربراہی حکومت کا کارنامہ ہے اور شدید گرما کے باوجود شہری علاقوں میں برقی کٹوتی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبہ کو برقی سربراہی کی صورتحال میں بہتری ہوئی ہے اور آئندہ تین برسوں میں برقی پیداوار کے معاملہ میں تلنگانہ ریاست خودمکتفی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں سے برقی خریدی کے علاوہ تلنگانہ میں برقی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے صنعتوں کو مختلف سہولتوں کی فراہمی کا ذکر کیا اور کہا کہ ملک اور بیرون ملک کی کئی بڑی کمپنیوں نے حیدرآباد میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ راجیشور ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT