Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد حدود میں مزید 4 ایکسپریس ہائی ویز کی تعمیر

گریٹر حیدرآباد حدود میں مزید 4 ایکسپریس ہائی ویز کی تعمیر

ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے جی ایچ ایم سی کے منصوبے ، سائیٹ انجینئرس سے مئیر حیدرآباد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مئیر گریٹر حیدرآباد بی رام موہن نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مزید 4 ایکسپریس ہائی ویز تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ نیاک کے ذریعہ آوٹ سورسینگ کے تحت تقرر کئے گئے 125 سائیٹ انجینئرس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر حیدرآباد نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے مہدی پٹنم تا شمس آباد تعمیر کردہ پی وی این آر ایکسپریس وے کے طرز پر مزید 4 ایکسپریس ہائی ویز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اپل رنگ روڈ تا ورنگل ہائی وے کی شاہراہ تک ایک ، جوبلی بس اسٹیشن سے توپ خانہ تک دوسرا ، پیراڈائز تا سچترا جنکشن تک تیسرا اور بالا نگر تا بالا نگر وائی جنکشن تک چوتھا ہائی وے کی تعمیرات کا بہت جلد آغاز کیا جائے گا ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ تقریبا 20 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے گریٹر حیدرآباد کے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ سارے تلنگانہ میں 2 لاکھ غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ساڑھے چار لاکھ خاندان ایسے ہیں جن کے پاس ذاتی مکانات نہیں ہیں ۔ مئیر حیدرآباد نے کہا کہ آئندہ پچاس برس تک شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر کے مضافاتی علاقہ شاہ میر پیٹ میں 25 ٹی ایم سی کا ذخیرہ آب تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ رامو جی فلم سٹی کے قریب مزید ایک ذخیرہ آب تعمیر کیا جارہا ہے ۔ مئیر حیدرآباد نے کہا کہ ملک کے دوسرے میٹرو سٹیز میں شہر حیدرآباد کافی تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ شہر حیدرآباد کو گلوبل سٹی کے طرز پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ انہوں نے سائیٹ انجینئرس کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت اور جی ایچ ایم سی کے توقعات کو پورا کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون پلاننگ اور شعبہ انجینئرنگ میں خدمات حاصل کرنے کے لیے مزید225 سائیٹ انجینئرس کا نیاک کے ذریعہ تقررات کیے جائیں گے ۔ اس اجلاس میں چیف انجینئر سریش ، ایس ای اشونی کمار اور نیاک کے نمائندے بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT