Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد میں بلا خلل برقی سربراہی کو ممکن بنانے کے اقدامات

گریٹر حیدرآباد میں بلا خلل برقی سربراہی کو ممکن بنانے کے اقدامات

حیدرآباد ۔19 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے اور اگر کسی وجہ سے برقی کی سربراہی میں خلل پیدا ہوتا ہے تو دوسری لائن سے برقی سربراہی کا آغاز کرنے کیلئے ’’ڈسٹریبیوشن آٹومشین پراجکٹ‘‘ پر عمل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے جس پر 5000 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے۔ برقی کی سربراہی میں پائی جانے والے تکنیکی مسائل کو دور کرنے برقی کی سربراہی کو مؤثر بنانے کیلئے ڈسکام نے آٹومشین سسٹم پر عمل کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ اس سسٹم پر ملک کے مختلف شہروں دہلی، کولکتہ، ممبئی اور احمدآباد میں عمل آوری ہورہی ہے لیکن خانگی ڈسکام نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں سرکاری ڈسکام کے ذریعہ ڈسٹریبیوشن آٹومشین پراجکٹ پر عمل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس پراجکٹ پر عمل آوری کیلئے5 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔ نئے نظام پر عمل کرنے سے برقی نقصانات پر بڑے پیمانے پر قابو پایا جائے گا۔ ساتھ ہی برقی کی طلب میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد متحدہ آندھراپردیش میں جو برقی بحران تھا وہ نئی ریاست میں بڑی حد تک کنٹرول ہوگیا ہے۔ برقی کی سربراہی کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں، جس میں ڈسٹریبیوشن آٹومشین پراجکٹ بھی شامل ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے زون میں دو لائنوں کے ذریعہ برقی سربراہ کرنے کی تجویز ہے۔ اگر ایک لائن میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تو دوسری لائن کے ذریعہ منٹوں میں برقی سربراہی کا احیاء کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس نئے سسٹم پر عمل آوری سے 95 فیصد تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ انجینئرس کا کہنا ہیکہ اگر لائنوں کے مرمتی کام بھی ہوتے ہیں تو دوسری لائن سے برقی سربراہ کرتے ہوئے تکنیکی کاموں کو جاری رکھا جاسکتا ہے۔ ریمورٹ سسٹم کے تحت نئے نظام پر کام کرنے کی تمام سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ ڈسٹریبیوشن آٹومیشن پراجکٹ کو گریٹر حیدرآباد میں متعارف کرانے سے برقی سربراہی میں شفافیت پیدا ہوگی۔ برقی طلب میں اضافہ ہونے سے کوئی تکنیکی مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ برقی صارفین کو دو لائنوں سے برقی سربراہ کرنے کیلئے موجود دو لائنوں کے 33 کے وی اور 11 کے وی برقی لائن، ڈسٹریبیوشن ٹرانسفارمرس، سب اسٹیشن کی کارکردگی بہتر ہوجائیں گی۔ دونوں لائنوں سے برقی کی سربراہی کیلئے برقی کھمبوں پر باکس لگایا جائے گا۔ ایک لائن سے دوسرے لائن میں برقی کی منتقلی کیلئے یہ باکس مددگار ثابت ہوگا۔ اگر کبھی تکنیکی مسائل کے باعث ٹرانسفارمر، سب اسٹیشن سے کوئی لائن میں خرابی آجاتی ہے تو اس کو درست کرنے کیلئے دو مرتبہ ٹسٹ چارج کیا جاتا ہے۔ ہر کوشش ناکام ہونے کے بعد متبادل طور پر دوسری لائن سے برقی سربراہ کی جاتی ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT