Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد کے ہر وارڈ میں ٹی آر ایس پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی

گریٹر حیدرآباد کے ہر وارڈ میں ٹی آر ایس پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس ، جی ایچ ایم سی انتخابات پر توجہ مرکوز

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس ، جی ایچ ایم سی انتخابات پر توجہ مرکوز
حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) سکندرآباد کنٹونمنٹ کے انتخابات میں پارٹی کے شاندار مظاہرہ کے بعد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر توجہ مرکوز کی ہے۔انہوں نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں جی ایچ ایم سی انتخابات سے قبل ہر وارڈ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ چیف منسٹر نے آج تلنگانہ بھون میں پارٹی کے سینئر قائدین بشمول ڈاکٹرکیشوراؤ اور وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کے علاوہ گریٹر حیدرآباد پارٹی قائدین کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کیا جس میں پارٹی کے استحکام پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ابھی سے تیاری کریں۔ گزشتہ کارپوریشن میں ٹی آر ایس کا ایک بھی نمائندہ نہیں تھا لیکن مجوزہ انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کارپوریشن پر قبضہ کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی قائدین سے رائے حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ قائدین نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابات میں پارٹی کے تنہا مقابلہ کو ترجیح دیں اور کسی بھی جماعت کے ساتھ کوئی مفاہمت نہ کی جائے۔ قائدین نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حیدرآباد میں پارٹی کا موقف مستحکم ہوا ہے اور کنٹونمنٹ کی کامیابی کے بعد قائدین کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کی رکنیت سازی اور وارڈ سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی۔ چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد پارٹی صدر اور عہدیداروں کے انتخابات کا عمل جلد مکمل کرنے کا تیقن دیا تاکہ نئے عہدیدار پارٹی کے استحکام میں مصروف ہوسکیں۔ فبروری میں حیدرآباد میں پارٹی کا ریاستی سطح کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں حکومت کی کارکردگی اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مواضعات، منڈل اور ضلع سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ٹی آر ایس میں حالیہ عرصہ میں دوسری پارٹیوں سے بڑی تعداد میں قائدین کی شمولیت سے پرانے قائدین کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا اور پارٹی انہیں مناسب عہدے اور شناخت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران اہم رول ادا کرنے والے پارٹی قائدین کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت نے حالیہ عرصہ میں جن نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ان پر عوام میں مثبت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT