Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / گستاخ ٹی وی جرنلسٹ کی گرفتاری کا مطالبہ، مسلمانوں کا احتجاج

گستاخ ٹی وی جرنلسٹ کی گرفتاری کا مطالبہ، مسلمانوں کا احتجاج

حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) حضرت بی بی فاطمہؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے ٹی وی جرنلسٹ روہت سردانا کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے شیعہ اور سنی فرقے کے افراد نے کمشنر پولیس حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقع دفتر پر احتجاج کیا۔ احتجاجی اپنے ہاتھ میں پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے اور روہت سردانا کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ بعدازاں احتجاجیوں کے گروپ نے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک میمورنڈم حوالے کیا جس میں ٹی وی چیانل ’’آج تک‘‘ کے جرنلسٹ روہت سردانا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مولانا ڈاکٹر نثار حسین آغا نے ڈی سی پی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی وی جرنلسٹ دانستہ طور پر مقدس ہستیوں کے خلاف سوشیل میڈیا پر گستاخانہ ریمارکس پوسٹ کرتے ہوئے شیعہ اور سنی برادریوں کی شدید دل آزاری کی۔ اس سلسلے میں ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ گستاخانہ ریمارکس کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دبیرپورہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ روہت سردانا نے اپنے ٹوئٹر اَکاؤنٹ پر گستاخانہ جملے تحریر کرتے ہوئے توہین آمیز بیان پوسٹ کیا تھا۔ اس کے خلاف تعزیرات ِ ہند کی دفعہ 295(A) کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT