Friday , June 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / گلاسگو میں ہندوستانی جتھے کے 2 ارکان گرفتار

گلاسگو میں ہندوستانی جتھے کے 2 ارکان گرفتار

گلاسگو ۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کامن ویلتھ گیمز میں آج ہندوستان کو اس وقت پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا جب انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) سیکریٹری جنرل راجیو مہتا اور ریسلنگ کے غیرمربوط ریفری ویریندر ملک کو مختلف الزامات پر گرفتار کرلیا گیا۔ راجیو مہتا کی حالت ِ نشہ میں ڈرائیونگ پر گرفتاری عمل میں آئی جبکہ ویریندر ملک جو ہندوستانی س

گلاسگو ۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کامن ویلتھ گیمز میں آج ہندوستان کو اس وقت پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا جب انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) سیکریٹری جنرل راجیو مہتا اور ریسلنگ کے غیرمربوط ریفری ویریندر ملک کو مختلف الزامات پر گرفتار کرلیا گیا۔ راجیو مہتا کی حالت ِ نشہ میں ڈرائیونگ پر گرفتاری عمل میں آئی جبکہ ویریندر ملک جو ہندوستانی سرکاری جتھے کا حصہ نہیں ہیں، ان پر مزید سنگین جنسی حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی خاتون ترجمان نے گرفتاریوں کی توثیق کی لیکن مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 اگست کو ایک 49 سالہ شخص گلاسگو کے سٹی سنٹر میں مبینہ طور پر جنسی حملے کی اطلاعات پر گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ 2 اگست کو ایک 45 سالہ شخص کی بھی گلاسگو کے مغربی علاقہ میں مبینہ طور پر حملے کی اطلاعات پر گرفتاری عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یہ دونوں گرفتار شدگان سرکاری 250 رکنی ہندوستانی جتھے کے ساتھ قیام کئے ہوئے نہیں تھے جنہیں کامن ویلتھ گیمس ویلیج میں رکھا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں مقامی ہوٹل میں مقیم تھے۔

کامن ویلتھ گیمس فیڈریشن کے سی ای او مائیک ہوپر سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی ارکان کی گرفتاری عمل میں آئی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس کی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکاٹ لینڈ پولیس کا معاملہ ہے اور اس مسئلہ پر وہی تبصرہ کرسکتی ہے۔ خاتون ترجمان نے بھی مبینہ طور پر جنسی حملے کی بناء گرفتاری کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ وہ فی الحال اس کی توثیق نہیں کرسکتی۔ ایڈنبرا میں واقع ہندوستانی قونصل خانے کے مطابق وہ اس معاملے میں پولیس سے ربط قائم کئے ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کامن ویلتھ جتھے میں شامل دو ہندوستانی ارکان کو مقامی پولیس کی جانب سے حراست میں لینے کی اطلاع ملی ہے۔ ہمارے قونصل خانے نے ایک عہدیدار کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ پولیس حکام کے ساتھ ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلی حقائق کا پتہ چلائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی ٹیم سے بھی ربط رکھے ہوئے ہیں۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق راجیو مہتا کو حالت ِ نشہ میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ راجیو مہتا نے پولیس سے خواہش کی ہے کہ وہ گرفتاری کے بارے میں تفصیلات کسی کو نہ بتائیں۔ واضح رہے کہ اُن کے ارکان خاندان بھی اس وقت گلاسگو میں ان کے ساتھ ہیں۔ قانونی طور پر نشہ کی مقررہ حد کو پیش نظر رکھتے ہوئے مہتا کو بھاری جرمانہ یا ڈرائیونگ پر امتناع یا پھر جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT