Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / گلبرگہ میں عنقریب خواجہ بندہ نواز ؒ یونیورسٹی کا قیام

گلبرگہ میں عنقریب خواجہ بندہ نواز ؒ یونیورسٹی کا قیام

تہنیتی تقریب سے مولانا ڈاکٹر سید خسرو حسینی کا خطاب
حیدرآباد۔/17نومبر، ( پریس نوٹ ) گلبرگہ شریف میں عنقریب خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔ دستور کی دفعہ 31 اور 27 کے تحت اقلیتی تعلیمی اداروں کے قیام کے جو اختیارات دیئے گئے ہیں اس کے تحت خواجہ بندہ نواز ؒ یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی کے تمام 24 تعلیمی ادارے کے جی تا پی جی تک خواجہ بندہ نوازؒ یونیورسٹی کے زیر انتظام کام کریں گے۔ مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز حسینی خسرو پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ بزرگ گلبرگہ شریف کل رات چشتی فاؤنڈیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام نامپلی میں ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدارت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری نے کی جبکہ علماء و مشائخ بحیثیت مہمان شریک تھے۔ ڈاکٹر خسرو حسینی نے کہا کہ حکومت کرناٹک نے ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات کے عوض میں ریاست کا اعلیٰ ترین ایوارڈ ’’ راجیہ اتسو ‘‘ پیش کیا ہے اس ایوارڈ کو انہوں نے اپنے لئے نہیں بلکہ تعلیمی اداروں، اہل گلبرگہ اور تمام مشائخ طبقہ کیلئے معنون کیا ہے۔ مولانا سید قبول بادشاہ قادری شطاری نے کہا کہ حکومت کا ایوارڈ ظاہری اعتبار سے ہے لیکن حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کی مسند نشینی تمام اعزازات سے کہیں بڑھ کرہے۔ جناب میر کمال الدین علی خان ڈائرکٹر تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے ڈاکٹر خسرو حسینی کا تعارف پیش کیا۔ جناب شجاع الدین نے خیرمقدمی خطاب کیا۔ سجادہ نشین کے ایوارڈ کے لئے مخصوص تقریب چیف منسٹر کرناٹک کی قیامگاہ پر منعقدکی گئی۔ مہمانوں میں مولانا سید شاہ حیدر ولی اللہ ، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا سید بندگی بادشاہ قادری، ریاض پاشاہ، مولانا سید علی الحسینی، جناب میر صدر علی خان، مولانا محمد انوار احمد قادری،مولانا سید محمد علی قادری ممشاد پاشاہ، مولانا سید آل مصطفی قادری علی پاشاہ، مولانا سید غلام صمدانی علی قادری، مولانا سید عبدالقادر قادری وحید پاشاہ، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری ، مولانا سید سمیع اللہ حسینی بندہ نوازی، مولانا سید فاضل بادشاہ قادری ثانی ہاشم پاشاہ، مولانا سید احمد پاشاہ قادری الملتانی، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری، مولانا سید شاہ قادر محی الدین قادری زرین کلاہ، جنید پاشاہ، مولانا سید سیف اللہ حسینی قادری الباقری ، مولانا محمد معز الدین ملتانی قادری، مولانا غلام سبحانی صدیقی القادری، جناب غوث محی الدین، جناب بابو راؤ، جناب ایوب شاہ، جناب احمد سیلانی، عاف میمن، جناب محمد احمد و دیگر شریک تھے۔ جناب خضر محمد خان ایڈوکیٹ نے تہنیت پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT