Tuesday , April 24 2018
Home / Top Stories / گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی کانفرنس کا آج افتتاح ۔ تمام تیاریاں مکمل

گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی کانفرنس کا آج افتتاح ۔ تمام تیاریاں مکمل

وزیر اعظم افتتاح کرینگے ‘ایوانکا ٹرمپ کی شرکت‘ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ‘ نئی مس ورلڈ منوشی چلر اداکارہ سونم کپور مقررین میں شامل

حیدرآباد 27 نومبر ( پی ٹی آئی ) شہر میں گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس کیلئے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ اس کانفرنس کا وزیر اعظم نریندر مودی کل افتتاح کرینگے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر و مشیر ایوانکا ٹرمپ اس کانفرنس میں امریکی وفد کی قیادت کر رہی ہیں۔ یہ کانفرنس تین دن تک چلے گی ۔ شہر میںاس کانفرنس کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس کانفرنس کی اہمیت کے پیش نظر حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر کو خوبصورت بنانے اور اس کانفرنس کے انعقاد کیلئے بھی خطر فنڈز مختص کئے تھے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس کانفرنس کے پرسکون انعقاد کیلئے انتہائی احتیاط کے ساتھ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کانفرنس کو چار تھیم پر مبنی سیکٹرس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ایک توانائی و انفرا اسٹرکچر ‘ دوسرا نگہداشت صحت و لائف سائینسیس ‘ تیسرے معاشی ٹکنالوجی و ڈیجیٹل معیشت اور چوتھا میڈیا اور تفریحی شعبہ جات ہیں۔ کانفرنس کے ایجنڈہ میں یہ واضح کیا گیا ہے ۔ اسپیشل پروٹیکشن گروپ اور امریکی خفیہ سرویس کے عہدیداروں نے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا ہے ۔ پولیس کمشنریٹ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے کل بتایا تھا کہ پولیس کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 10,400 سکیوریٹی اہکاروں کو اس چوٹی کانفرنس کے انتظامات و سکیوریٹی کیلئے متعین کیا گیا ہے ۔ مودی اور ایوانکا ٹرمپ 100 خصوصی مدعوئین کے ساتھ کل شام فلک نما پیلس میں ایک خصوصی عشائیہ میں بھی شرکت کرینگے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد وی وی سرینواس نے یہ بات بتائی ۔ عشائیہ کا اہتمام نظام دور کے ڈائننگ ٹیبل پر کیا جا رہا ہے جس کے اطراف 101 مہمان تناول کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پیلس کے لان میں 1500 تا 2000 مندوبین کیلئے علیحدہ عشالئیہ کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے ۔ ہندوستان کی نئی مس ورلڈ منوشی چلر ‘ اسٹار وومن کرکٹر متالی راج اور ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اس چوٹی کانفرنس کے مقررین میں شامل ہیں۔ منوشی چلر اور اداکارہ سونم کپور خواتین سے متعلق سشن میں اظہار خیال کرینگی جبکہ متالی راج اور ثانیہ مرزا کے علاوہ ہندوستانی بیڈمینٹن ٹیم کے چیف نیشنل کوچ پی گوپی چند اسپورٹس انٹرپرینرشپ سے متعلق سشن میں اظہار خیال کرینگے جو 29 نومبر کو منعقد ہوگا ۔ نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت کل ’’ شہر جو نہیں سوتا ۔ مستقبل کے شہر ‘‘ کے عنوان پر ہونے والے سشن میں اظہار خیال کرینگے ۔ اس کانفرنں میں زائداز 1,500 مندوبین بشمول تاجرین اور سرمایہ کار ‘ بڑی صنعتوں کے سی ای اوز وغیرہ بھی شرکت کرنے والے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT