Saturday , May 26 2018
Home / Top Stories / گلوبل انٹرپرینرشپ کانفرنس سے ہند ۔ امریکی تعلقات مستحکم ہونگے

گلوبل انٹرپرینرشپ کانفرنس سے ہند ۔ امریکی تعلقات مستحکم ہونگے

امریکی سفیر متعینہ ہند‘کینتھ آئی جسٹر ‘ سی ای او نیتی آیوگ امیتابھ کانت و چیف سکریٹری تلنگانہ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں سہ روزہ گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی کانفرنس ۔ 2017 کے انعقاد کے بعد ہند ۔ امریکی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ امریکی سفیر متعینہ ہندوستان مسٹر کینتھ آئی جسٹر نے چوٹی کانفرنس سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ یہ چوٹی کانفرنس امریکہ اور ہندوستان دونوں کیلئے اہمیت کی حامل ہے جس میں 150 سے زیادہ ممالک شرکت کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ساؤتھ ایشیاء میں تلنگانہ میں اس چوٹی کانفرنس کے انعقاد سے کئی امیدیں وابستہ ہیں۔ مسٹر جسٹر نے کہاکہ اس پلیٹ فارم میں دنیا بھر کے تمام انٹرپرینرس بالخصوص خواتین انٹرپرینرس کو ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی کانفرنس میں امریکہ کے 38 اسٹیٹس سے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایشیائی خطہ دنیا میں سب سے زیادہ متحرک ہے جہاں معاشی ترقی کی جھلک نمایاں ہے۔ امریکی سفیر نے کہاکہ صدر امریکہ کی دختر ایوانکا ٹرمپ جو خود ایک امریکہ کی بڑی انٹرپرینرہیں ، کی اس چوٹی کانفرنس میں شرکت اہمیت کی حامل ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس چوٹی کانفرنس کا عنوان ’خواتین پہلے، خوشحالی سب کیلئے‘ ہے۔ اِس موقع پر نیتی آیوگ کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر مسٹر امیتابھ کانت نے کہاکہ چوٹی کانفرنس کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی کریں گے اور امریکہ کے وائٹ ہاؤز کی مشیر ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی قیادت کریں گی۔ انھوں نے کہاکہ یہ گیارہویں چوٹی کانفرنس ہے اور پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشیا میں منعقد ہو رہی ہے جس میں 52.5 فیصد خاتون مندوبین ہیں۔ انھوں نے کہاکہ 10 ممالک بالخصوص افغانستان، سعودی عرب اور اسرائیل کی خاتون انٹرپرینرس نمائندگی کریں گی۔ انھوں نے کہاکہ چوٹی کانفرنس میں بریک آؤٹ سیشن، ماسٹر کلاسیس اور ورکشاپس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں ٹینس چمپئن ثانیہ مرزا، گوگل کے نائب صدر ڈاینا لوی پیٹریشیا لیفیلڈ اور افغانستان کی سیٹیڈل سافٹ ویر کمپنی کی رویا محبوب شرکت کرینگی ۔ انھوں نے کہاکہ کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی، چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھر راؤ، وائیٹ ہاؤز کی مشیر ایوانکا ٹرمپ خطاب کریں گی اور بعدازاں اس کانفرنس کی کارروائی حسب معمول جاری رہے گی۔ انھوں نے کہاکہ 29 نومبر کو ریاستی آئی ٹی وزیر کے ٹی راما راؤ خطاب کریں گے۔ 30 نومبر کو اختتام عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر مرکزی وزرا سشما سوراج، نرملا سیتارامن اور کامرس وزیر سریش پربھو شرکت کریں گے۔ اُنھوں نے تلنگانہ کی ستائش کی اور کہاکہ اس کانفرنس کے انعقاد کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کیا گیا جہاں سافٹ ویر کے علاوہ دیگر شعبوں میں ملازمت کے مواقع ہیں۔ انھوں نے کہاکہ چوٹی کانفرنس انعقاد کیلئے ملک کی پانچ ریاستوں نے دعویداری پیش کی تھی جہاں پر مرکز نے 2 ریاستوں کو ترجیح دی لیکن تلنگانہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سازگار حالات کے پیش نظر حیدرآباد میں کانفرنس کے انعقاد کو مرکز نے منظوری دی۔28 نومبر کو تاج فلک نما میں مرکزی حکومت کا عشائیہ ترتیب دیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ایس پی سنگھ نے کہا کہ کانفرنس کیلئے سرکاری مشنری کو متحرک کردیا گیا ہے اور تعاون دیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT