Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گنبدان قطب شاہی کی تزئن نو آئندہ سال جنوری تک مکمل

گنبدان قطب شاہی کی تزئن نو آئندہ سال جنوری تک مکمل

قطب شاہی دور کی عظمت رفتہ کی بحالی ، دو سو کروڑ کا خرچ ، سکریٹری محکمہ سیاحت کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری محکمہ سیاحت بی وینکٹیشم نے کہا کہ آغا خان ٹرسٹ کے تعاون سے تاریخی گنبدان قلی قطب شاہی کی عظمت رفتہ کی بحالی سے متعلق پہلے مرحلے کا کام آئندہ سال جنوری میں مکمل ہوجائے گا ۔ اس پراجکٹ پر 200 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ آغا خان ٹرسٹ فار کلچرل گلوبل ہیڈ میموریل میموزیمس گلوبل کے ڈائرکٹر ایمن ماہر نے آج سکریٹریٹ پہونچکر سکریٹری سیاحت بی وینکٹیشم سے ملاقات کی ۔ گنبدان قلی قطب شاہ کے تزئین نو کے کاموں پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی وینکٹیشم نے بتایا کہ آغا خان ٹرسٹ کی عالمی سطح پر تاریخی ثقافتی عمارتوں کے تحفظ کے لیے منفرد پہچان ہے ۔ دہلی میں واقع گنبدان ہمایوں کی تزئین نو کا کام آغا خان ٹرسٹ نے مکمل کیا ہے ۔ گنبدان قلی قطب شاہی کی تزئین کے لیے آغا خان اپنے ذاتی 100 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے کام کررہا ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کی جانب سے تزئین نو کے لیے مزید 100 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ یہ جملہ 200 کروڑ روپئے کا پراجکٹ ہے ۔ تقریبا 500 سال قدیم تاریخی گنبدان قلی قطب شاہی کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ قدیم حالت میں بحال کرنے کے لیے آغا خان ٹرسٹ اور محکمہ سیاحت ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرتے ہوئے کام کررہے ہیں ۔ حیدرآباد کے تاریخی گنبدان قلی قطب شاہی ایک قیمتی اثاثہ ہے ۔ جو عالمی سطح پر کسی بھی سلطنت میں ایسی نشانیاں موجود نہیں ہیں ۔ ایک ہی سلطنت کے تمام حکمرانوں کی ایک مقام پر شاہی مزار کی موجودگی سے گنبدان قلی قطب شاہی کی تاریخ میں کافی اہمیت ہوجاتی ہے ۔ گنبدان قلی قطب شاہی کو ایک خصوصی حکمت عملی کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے ۔ جس میں خوبصورت گارڈن ، جھلملاتے فوارے اس کی شان و شوکت کو چار چاند لگاتے ہیں ۔ اس طرح کی تاریخی خوبصورت عمارتوں کی تعمیرات کا اعزاز سلطنت قطب شاہی کو ہی ہے ۔ تاریخی یادگار ورثہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے تلنگانہ حکومت آغا خان ٹرسٹ سے مکمل تعاون کررہی ہے ۔ سکریٹری ٹورازم بی وینکٹیشم نے کہا کہ پہلے مرحلے کا کام آئندہ سال جنوری تک مکمل ہوجائیگا ۔۔

TOPPOPULARRECENT