Wednesday , June 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / گوتم گمبھیر کو جب چھٹی جماعت کی طالبہ نے لاجواب کردیا …

گوتم گمبھیر کو جب چھٹی جماعت کی طالبہ نے لاجواب کردیا …

وشاکھاپٹنم ؍ حیدرآباد۔ 17ڈسمبر (سیاست نیوز) آئی سی سی کے ورلڈ کپ 2011ء کے فائنل میں یادگار اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو دوسری مرتبہ ونڈے چمپین بنانے میں کلیدی رول ادا کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر نے کئی مرتبہ اپنی شاندار اننگز سے حریف بولروں کے علاوہ ناقدین کو بھی خاموش کیا ہے لیکن وشاکھاپٹنم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی چھٹی جماعت کی طالبہ کے سوال پر وہ لاجواب ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب آر بی ایل بینک کی جانب سے ایک سائیکل ریالی کا آغاز دس روز قبل حیدرآباد میں ہوا تھا اور وہ ہندوستان بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کی شعور بیداری مہم کیلئے ویزاگ تک کا سفر مکمل کیا تھا اور ویزاگ میں اس کی اختتامی تقریب سری ستیہ سائی اسکول، ایم وی پی کالونی میں منعقد ہوئی تھی جس میں گوتم گمبھیر مہمان خصوصی تھے۔ حیدرآباد سے اُدبھاؤ ہائی اسکول کے طلبہ اور ٹیچرس کا ایک وفد اس تقریب میں شرکت کے لئے پہنچا تھا نیز جب گوتم گمبھیر اسکولی طلبہ سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کررہے تھے تو مذکورہ اسکول کی چھٹی جماعت کی طالبہ رمشا مامون نے ہندوستانی کھلاڑی سے جب یہ سوال کیا کہ وہ اپنے کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں تعلیم اور کھیل کے دوران کس طرح توازن برقرار رکھتے تھے تو گمبھیر نے راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں بعد میں بتاؤں گا۔ اس موقع پر طلبہ نے کئی موضوعات پر ان سے سوالات کئے ۔ حیدرآبادی طلبہ کا وفد مسٹر ہریش کمار، نصیرالنساء بیگم، ورشا سنگھ، یاسمین بیگم اور سیدہ شمیم کی سرپرستی میں وشاکھاپٹنم کا دورہ مکمل کیا۔

TOPPOPULARRECENT