Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / گورنر سے کے سی آر کی تین گھنٹے طویل ملاقات

گورنر سے کے سی آر کی تین گھنٹے طویل ملاقات

اراضی سروے ، کسان سمیتیوں ، کنٹراکٹ شادیوں کے انسداد اور دیگر امور پر بات چیت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور گورنر نرسمہن کے درمیان تقریبا تین گھنٹوں تک راج بھون میں ملاقات ہوئی ۔ آئندہ ماہ اسمبلی اجلاس کے انعقاد ، اراضی سروے اور کسان سمیتیوں کی تشکیل اور ان کے اختیارات کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان ریاست کے مختلف مسائل پر بات چیت ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر آئندہ ماہ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اس پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ اجلاس 10 دن پر مشتمل ہوگا اور 10 اکٹوبر سے ہی منعقد ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ مارچ میں اسمبلی کا بجٹ سیشن منعقد کیا گیا تھا ۔ 30 اکٹوبر تک اس کے 6 ماہ مکمل ہورہے ہیں ۔ دستوری اعتبار سے ہر 6 ماہ میں ایک اسمبلی اجلاس کا انعقاد ہونا لازمی ہے ۔ اس لیے امید کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے 10 دن میں اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوسکتا ہے ۔ ملاقات میں چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں جاری اراضی سروے کی تفصیلات سے بھی گورنر نرسمہن کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں پہلے مرحلے کی 85 فیصد یعنی 9.5 لاکھ ایکڑ اراضی کے ریکارڈ کو مکمل درست کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کسان سمیتیوں کی تشکیل اور ان کے اختیارات سے بھی گورنر کو معلومات فراہم کی ۔ اسمبلی سیشن میں پیش کئے جانے والے آرڈیننس اور بلز سے بھی نرسمہن کو واقف کرایا ۔ امید کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے اسمبلی سیشن میں کسان سمیتیوں اور عرب باشندوں کی شادیوں پر جاری کئے جانے والے آرڈیننس پر بھی چیف منسٹر نے روشنی ڈالی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT