Thursday , August 16 2018
Home / سیاسیات / گورنر ٹاملناڈو کی عوام سے ملاقاتیں ‘ حکام سے تبادلہ خیال

گورنر ٹاملناڈو کی عوام سے ملاقاتیں ‘ حکام سے تبادلہ خیال

ڈی ایم کے و دیگر جماعتوں کا احتجاج ۔ ریاست کے حقوق میں دخل اندازی کا الزام
کڈلور ( ٹاملناڈو ) 15 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر ٹاملناڈو بنواری لال پروہت نے آج عوام سے ملاقاتیں کیں اور عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جبکہ ڈی ایم کے اور وی سی کے نے گورنر کے اس اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرے منعقد کئے ۔ گورنر نے عوام سے ایسے وقت میں ملاقاتیں کیں جبکہ انہوں نے گذشتہ دنوں کوئمبتور اور ترونا ویلی میں بھی عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا تھا ۔ ان ملاقاتوں پر ڈی ایم کے اور دوسری جماعتوں نے اعتراض کیا تھا اور ان کا ادعا تھا کہ ایسا کرنا ریاست کے حقوق میںدخل اندازی ہے ۔ بنواری لال پروہت نے یہاںایک قریبی علاقہ کا دورہ کیا اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں جنہوں نے اپنی شکایات پیش کیں اور درخواستیں حوالے کیں۔ گورنر کو ڈی ایم کے اور وی سی کے جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے اس علاقہ تک پہونچنے کیلئے دوسری روٹ استعمال کرنی پڑی ۔ مقامی شہریوں سے ملاقات کے دوران پروہت نے گھروں میں بیت الخلا کی اہمیت پر زور دیا اور سوچھ بھارت مہم سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے صفائی مہم میں بھی حصہ لیا اور سڑک پر جھاڑو لگائی ۔ عہدیداروں نے بھی اس کام میں ان کے ساتھ حصہ لیا ۔ مقامی شہریوں نے اس دورہ کے موقع پر مسٹر پروہت کو اپنے مسائل سے واقف رکوایا اور مستقل مکانات کیلئے اراضی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ کڈلور کے ضلع کلکٹر پرشانت ایم وڈنیرے بھی گورنر کے ساتھ تھے اور انہوںنے عوام کی شکایات سے گورنر کو واقف کروایا ۔ مسٹر پروہت نے بعد ازاں گیسٹ ہاوز میں عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی اور عوام کی درخواستیں قبول کیں۔ عوام سے ملاقاتیں کرنے اور شکایات کی وصولی پر اعتراض کرتے ہوئے ڈی ایم کے اور وی سی کے کے کارکنوں نے احتجاج کیا جس میں سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے حصہ لیا ۔ کڈلور میں ڈی ایم کے کے طاقتور لیڈر و سابق وزیر ایم آر کے پنیراسیلوم نے احتجاج کی قیادت کی اور کہا کہ پروہت کا یہ اقدام ریاستوں کی خود مختاری کے جذبہ کے مغائر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو نے ہمیشہ ہی ریاستوں کی خود مختاری کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں میں خود مختاری اور مرکز میں وفاقیت ڈی ایم کے قدیم نعرہ ہے ۔ ٹاملناڈو کانگریس کمیٹی نے بھی الزام عائد کیا کہ گورنر ایسا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں جیسے ریاست میں صدر راج ہو ۔ صدر پردیش کانگریس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوال کیا کہ آیا بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں بھی گورنرس اضلاع کے دورے کر رہے ہیں اور چیف منسٹر اور ریاستی وزرا کے غیاب میں عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں ؟ ۔

TOPPOPULARRECENT