Sunday , May 27 2018
Home / اضلاع کی خبریں / گورنمنٹ ڈگری کالج اردو میڈیم کی عمارت کیلئے 2.5 کروڑ روپئے منظور

گورنمنٹ ڈگری کالج اردو میڈیم کی عمارت کیلئے 2.5 کروڑ روپئے منظور

مستقل لکچررکی جائیدادوں کی بھی منظوری، رکن اسمبلی کی کامیاب نمائندگی کی ستائش

بودھن۔/23نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ ڈگری کالج اردو میڈیم بودھن کیلئے ریاستی حکومت نے چار مستقل لکچررس کے پوسٹس کی منظوری دے دی اور یہاں اردو میڈیم کیلئے علحدہ عمارت کی تعمیر کیلئے 2.5 کروڑ روپیوں کی منظوری عمل میں آئی۔ گزشتہ روز شکیل عامر ایم ایل اے بودھن نے ڈگری کالج کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا انچارج پرنسپل ورا پرساد اور لکچررس نے خیرمقدم کیا اور حکومت سے موثر نمائندگی پر ایم ایل اے کی گلپوشی کی۔ اس موقع پر شکیل عامر نے کہا کہ کالج ہذا میں دو آڈیٹوریمس کی تعمیر کیلئے تلنگانہ حکومت نے 60 لاکھ روپئے رقم جاری کی۔ قبل ازیں انہوں نے امبیڈکر چوراستہ پر موجود میونسپل کامپلکس کی پہلی منزل پر قائم مدھو ملنچہ گورنمنٹ جونیر کالج انگلش میڈیم کا دورہ کیا اور قریب میں واقع گورنمنٹ جونیر کالج تلگو و اردو میڈیم کی نو تعمیر کردہ عمارت کا معائنہ کیا اورکالجس کے پرنسپلس سے انہوں نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جونیر کالج کی نئی عمارت کی تعمیر کے بعد یہاں موجود قدیم کلاس رومس میں مدھو ملنچہ انگلش میڈیم جونیر کالج کو منتقل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کالج انتظامیہ سے اس تجویز پر غور کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر موجود بعض افراد نے کہا کہ بودھن میں لڑکیوں کیلئے علحدہ گورنمنٹ جونیر کالج نہ ہونے کی وجہ سے غریب طلبہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ رہے ہیں۔ بعض افراد نے کہا کہ دوردراز سے سرکاری اسکولس و کالجس میں تعلیم حاصل کرنے یہاں رکاس پیٹ آنے والوں کو آر ٹی سی بس کی سہولت فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہائی اسکول تا ڈگری و پی جی تک ایک ہی مقام پر سرکاری تعلیمی ادارے موجود ہیں۔ غریب بچوں کو آر ٹی سی لوکل بس کی سخت ضرورت ہے۔ ایم ایل اے نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے انہوں نے آر ٹی سی انتظامیہ سے بات چیت کرنے کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT