Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گوری لنکیش کے قاتلوں کو پھانسی دی جائے ‘ رام داس اٹھاؤلے

گوری لنکیش کے قاتلوں کو پھانسی دی جائے ‘ رام داس اٹھاؤلے

پسماندہ طبقات کو راجیہ سبھا و مرکزی کابینہ میں بھی تحفظات کی حمایت ‘ مرکزی وزیر کا بیان
حیدرآباد 7 ستمبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے نے آج مطالبہ کیا کہ جہد کار صحافی گوری لنکیش کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرتے ہوئے انہیں پھانسی کی سزا دی جانی چاہئے ۔ نامعلوم بندوق برداروں نے منگل کی رات 55 سالہ صحافی کو بنگلورو میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ اٹھاؤلے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صحافی گوری لنکیش کا قتل انتہائی تکلیف دہ ہے ۔ افسوسناک ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وچار کی لڑائی وچار سے ہونی چاہئے ۔ کسی ایک فرد کے قتل کرنے سے وچار ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ سماجی انصاف نے کہا کہ حکومت کرناٹک کو چاہئے کہ قتل کے اس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کروائے اور خاطیوں کو فوری گرفتار کیا جائے چاہے وہ کوئی بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے پھانسی دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر سیاسی الزامات عائد کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مسٹر اٹھاؤلے نے درج فہرست ذاتوں اور قبائل کو راجیہ سبھا اور مرکزی کابینہ میں بھی تحفظات فراہم کرنے کی وکالت کی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مسلح افواج میں بھی کوٹہ دیا جانا چاہئے ۔ مسٹر اٹھاؤلے نے کہا کہ جب وہ لوک سبھا کے رکن تھے انہوں نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ جس طرح سے درج فہرست ذاتوں اور قبائل کیلئے کچھ حلقوں میں تحفظات ہیں اسی طرح انہیں راجیہ سبھا اور مرکزی کابینہ میں بھی تحفظات فراہم کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ سہولت تھی کہ وزیر اعظم جتنے چاہیں وزرا کو کابینہ میں شامل کرسکتے تھے ۔ بعد میں ایک قانون بنایا گیا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مرکزی کابینہ میں بھی درج فہرست ذاتوں اور قبائل کیلئے تحفظات فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ اس مسئلہ پر مستقبل میں کیا ہوتا ہے ۔ اٹھاؤلے نے سرکاری ملازمتوں اورتعلیمی اداروں میں تحفظات کی حد کو 75 فیصد تک بڑھانے پر زور دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے معاشی پسماندہ افراد کو تحفظات فراہم کرنے کی حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحفظات کے کوٹہ کو 75 فیصد تک کردینے ان کے مطالبہ کی تائید کریں۔ اٹھاؤلے نے علیحدہ ودربھا کے مطالبہ کی تائید بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس مسئلہ پر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ مہاراشٹرا میں اور مرکز میں دونوں جگہ برسر اقتدار ہے ۔

TOPPOPULARRECENT