Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / گوری لنکیش کے قتل کے خلاف صحافیوں کا احتجاج جاری

گوری لنکیش کے قتل کے خلاف صحافیوں کا احتجاج جاری

تاریخی چارمینار کے دامن میں مظاہرہ ۔ قاتلوں کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ
حیدرآباد 7 ستمبر ( سیاست نیوز ) بنگلورو میں خاتون صحافی گوری لنکیش کے بہیمانہ قتل کے خلاف حیدرآباد میں صحافیوں کا احتجاج جاری ہے ۔ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس اولڈ سٹی اسوسی ایشن کی جانب سے آج تاریخی چارمینار کے دامن میں احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کی کثیر تعداد نے گوری لنکیش کے قتل پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ صحافیوں کی کثیر تعداد نے پلے کارڈز اور بیانرس کے ساتھ ملک میں پیدا ہونے والے حالات پر برہمی اور ناراضگی کا اظہار کیا اور حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ معقولیت پسندوں کو نشانہ بنائے جانے اور انہیں موت کے گھاٹ اتارے جانے کے واقعات کا تدارک کرنے کیلئے سخت گیر کارروائی کی جائے ۔ احتجاج میں شامل صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ نہ صرف گوری لنکیش کو قتل کرنے والوں کو بلکہ انہیں قتل کیلئے تیار کرنے اور انہیں اکسانے والوں کا بھی پتہ چلا کر انہیں کیفر کردار تک پہونچایا جائے ۔ جنرل سکریٹری انڈین جرنلسٹس یونین ڈی امر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوری لنکیش ملک میں ایک مخصوص نظریہ اور سوچ مسلط کرنے والوں کے خلاف اپنے قلم سے جدوجہد کر رہی تھیں اور ان کے قلم کی جدوجہد سے جن گوشوں کے عزائم و ناپاک مقاصد کی تکمیل میں رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی انہوں نے یہ واردات انجام دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کو ڈرانے اور دھمکانے سے وہ خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے اور اس طرح سے ملک میں صحافیوں کے قتل کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ صدر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس محمد ریاض احمد نے کہا کہ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس اور دیگر تمام صحافتی یونینوں کی جانب سے گوری لنکیش کے قتل کی شدید مذمت کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معقولیت پسندوں کو نشانہ بنانے کا عمل شدت اختیار کرگیا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو اس طرح کے واقعات کے پس پردہ کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جدوجہد میں صحافتی برادری پوری طرح متحد ہے ۔ احتجاج میں شامل صحافی جمہوریت کا قتل بند کرو ‘ گوری لنکیش کے قاتلوں کو پھانسی دو ‘ ہم برہم ہیں خوفزدہ نہیںجیسے نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اور بیانر پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے ۔ اس احتجاج میں سینئر صحیفہ نگاروں جناب ایم اے ماجد ایگزیکیٹیو رکن آئی جے یو ‘ سید خلیل قادری ( سابق صدر ایچ یو جے ) ‘ جناب فیض محمد اصغر ‘ محمد امیر حسین حبیب ‘ جنید ملتانی ‘ محمد غوث محی الدین اور دوسرے ذمہ داران نے شرکت کی ۔ صحافیوں کی کثیر تعداد نے اس احتجاج میں حصہ لیا ۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی تنظیموں کی ارکان کی بھی کثیر تعداد نے احتجاج میں شامل ہوتے ہوئے صحافتی برادری سے اظہار یگانگت کیا ۔

TOPPOPULARRECENT