Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / گوندہ نے مجھے شکست دینے داؤد ابراہیم کی مدد لی : رام نائک

گوندہ نے مجھے شکست دینے داؤد ابراہیم کی مدد لی : رام نائک

اپنی کتاب میں گورنر اتر پردیش کا دعوی ۔ بی جے پی لیڈر کا الزام غلط ۔ اداکار کا رد عمل
ممبئی 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے گورنر رام نائک نے ادعا کیا کہ بالی وڈ اداکار و سابق رکن پارلیمنٹ گوندہ نے 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں انہیں شکست دینے انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کی مدد حاصل کی تھی ۔ یہ مقابلہ ممبئی شمال کی نشست کیلئے ہوا تھا ۔ گوندہ نے تاہم اس دعوی کی تردید کی ہے اور رام نائک سے کہا کہ وہ ان کے امیج اور فلمی کیرئیر کو متاثر نہ کریں۔ رام نائک نے اپنی سوانح میں یہ انکشاف کیا ہے جو مراٹھی میں تحریر کی گئی ہے ۔ اس کتاب کی حال ہی میں اجرائی عمل میں آئی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ گوندہ داؤد کے دوست تھے اور ہتیندر ٹھاکر بھی داؤد کے دوست تھے جنہوں نے رائے دہندوں کو دھمکانے میں مدد کی تھی تاکہ انہیں ( رام نائک کو ) 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں ممبئی نارتھ حلقہ سے شکست دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ حقیقت تسلیم نہیں کر پا رہے تھے کہ انہیں صرف 11,000 ووٹوں کے فرق سے شکست ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بات آن ریکارڈ لاتے ہوئے کوئی پس و پیش نہیں ہے کہ گوندہ کے داؤد اور ہتیندر ٹھاکر جیسے ڈانس سے تعلقات تھے ۔ ہتیندر بعد میں رکن اسمبلی بن گئے ۔ انہوں نے اپنی طاقت کا رائے دہندوں کو ان کے خلاف کرنے کیلئے استعمال کیا تھا ۔ گوندہ نے رام نائک کے ادعا کی تردید کی ہے اور کہا کہ حلقہ کے عوام نے انہیں کامیاب کیا تھا ۔ انہوں نے نائک سے کہا کہ وہ ایسے الزامات عائد کرکے ان کا فلمی کیرئیر اور ان کی شبیہہ متاثر نہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT