Thursday , May 24 2018
Home / کھیل کی خبریں / گپٹل کی طوفانی سنچری رائیگاں

گپٹل کی طوفانی سنچری رائیگاں

آکلینڈ۔16 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کی صرف 49 گیندوں میں بنائی گئی طوفانی سنچری رائیگاں ہو گئی کیونکہ آسٹریلیا نے اپنے اوپنر شارٹ کی 76 اور آرون فنچ کی ناٹ آؤٹ 36 رنزکی شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز کے دلچسپ مقابلے میں سات گیند باقی رہتے پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔آسٹریلیا نے اس طرح ٹوئنٹی 20 تاریخ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ گپٹل نے49 گیندوں میں سنچری بنائی۔انہوں نے 54 گیندوں پر چھ چوکے اور نو چھکے لگاتے ہوئے105 رن بنائے جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے20 اوور میں چھ وکٹ پر243 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا لیکن نیوزی لینڈ کے بولر اس اسکور کا دفاع نہیں کر پائے ۔ہدف مشکل تھا لیکن آسٹریلیا نے 18.5اوور میں پانچ وکٹ پر245 رنز بنا کر ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔شارٹ نے 44گیندوں پر 76رنز کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ فنچ نے محض 14گیندوں میں تین چوکے اور تین چھکے لگا کر میچ سات گیند پہلے ختم کر دیا۔فنچ نے کولن ڈی گرینڈہوم پر چھکا مارا۔شارٹ شاندار اننگز کے لئے مین آف دی میچ بنے۔ یہ میچ ریکارڈ سے بھرپور رہا۔آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20 کی سب سے بڑی کامیابی اپنے نام کی۔فنچ کی اننگز کا آخری چھکا میچ کا32 واں چھکا رہا جس سے ایک میچ میں32 چھکوں کے عالمی ریکارڈ کی برابری ہو گئی۔اس میچ میں کل488 رنز بنے ۔آسٹریلیا پہلے ہی سہ رخی سیریز کے فائنل میں پہنچ چکا تھا اور اس جیت کے ساتھ اس نے ٹورنمنٹ میں جیت کا چوکا لگا دیا۔دوسری طرف نیوزی لینڈ کی تین میچوں میں یہ دوسری شکست رہی اور اس شکست سے ٹورنمنٹ کی تیسری ٹیم انگلینڈ کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔انگلینڈ اپنے تینوں میچ ہار چکا ہے ۔انگلینڈ اگر اتوار کو ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کو آخری لیگ میچ میں بڑے فرق سے شکست دیتا ہے تو اس کے لئے فائنل میں پہنچنے کا امکان بن سکتا ہے ۔فائنل چہارشنبہ کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ڈیوڈ وارنر اور شارٹ نے 8.3اوور میں121رن کی طوفانی شروعات دی ۔کپتان وارنر نے محض 24گیندوں میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگاتے ہوئے59 رنز بنائے۔کرس لن18 رنز بنا کر ٹیم کے 143 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔شارٹ نے گلین میکسویل کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 56 رن کی ساجھے داری نبھائی ۔میکسویل نے 14 گیندوں پر 31 رن میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے ۔میکسویل کا وکٹ 199 کے اسکور پر گرا۔شارٹ ٹیم کے217 کے اسکور پر17 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے لیکن اس وقت تک آسٹریلیا کو فتح کی مہک مل چکی تھی۔آسٹریلیا نے پانچویں وکٹ 238کے اسکور پر گنوایا۔فنچ نے چھکا مار کر میچ نمٹا دیا۔

TOPPOPULARRECENT