’’گڑھوں سے پاک سڑک ہو تو 10 ہزار روپئے‘‘

کے ٹی آر کو ڈاکٹر لکشمن کا چیلنج، شہر کی ترقی کے دعوے مسترد
حیدرآباد 13 اکٹوبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کو چیلنج کیاکہ اگر وہ شہر میں ایک بھی سڑک گڑھوں سے پاک بتائیں گے تو اُنھیں 10 ہزار روپئے دینے کے لئے تیار ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کے ٹی آر کی جانب سے شہر کی ترقی کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور کہاکہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی تو کجا ایک بھی سڑک ایسی نہیں جو گڑھوں اور کھڈ سے پاک ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت نے غریبوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد انتخابات میں عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاکر اقتدار حاصل کیا گیا۔ لکشمن نے کہاکہ حیدرآباد عالمی معیار کا شہر نہیں بلکہ حادثات کے شہر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ کھلے نالوں میں عوام گر کر ہلاک ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی کو ملاقات کا وقت نہیں دیا ہے۔ ایک وزیر کے ساتھ جب یہ حال ہے تو عام آدمی کا کیا ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدار آنے پر خواتین کے قرضہ جات مکمل معاف کردیئے جائیں گے۔ سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ نے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کے اِس الزام کو مسترد کردیا کہ مرکزی حکومت مخالف کسان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی سے خوفزدہ ہوکر کانگریس نے تلنگانہ تشکیل دیا ہے۔ بی جے پی نے انتخابی حکمت عملی کی تیاری کے لئے 32 مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT