Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / !گھر وں میں مال رکھنے والوں کو غریب کی تلاش

!گھر وں میں مال رکھنے والوں کو غریب کی تلاش

40 کروڑ جمع کروائے جانے کے بعد سے انکم ٹیکس ، انٹلیجنس اور ویجیلنس متحرک
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کپاس کے ایک تاجر نے اپنے 40 کروڑ روپئے کے کالے دھن کو 20 کسانوں کے کھاتوں میں جمع کرتے ہوئے جائز دولت میں تبدیل کرلیا ہے ۔ اس اطلاع پر انٹلی جنس اور ویجلنس کی جانب سے متحرک ہوتے ہوئے مقامی بینک سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ جیسے جیسے 30 دسمبر قریب آرہی ہے ۔ ویسے ویسے کالا دھن رکھنے والوں کے دلوں کی دھڑکن بڑھ رہی ہے اور وہ اپنی ناجائز دولت کو جائز میں تبدیل کرنے مختلف راہیں تلاش کررہے ہیں ۔ کل تک کسی کو وقت پر طلب کے مطابق رقم دینے تیار نہ رہنے والے آج اپنے کالے دھن کو وائیٹ کرنے کے لیے ضرورت مندوں کو ڈھونڈ رہے ہیں ۔ گنٹور میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے ۔ کپاس کے ایک تاجر نے اپنے پاس جمع کالا دھن کو وائیٹ کرنے کافی دوڑ دھوپ کی ہے ۔ معاملت اس کے مطابق طئے نہ پانے پر اس نے مقامی کسانوں سے بات چیت کی اور 20 کسانوں کے بینک کھاتوں میں 40 کروڑ روپئے منتقل کرکے مطمئن ہوگیا تھا مگر اتنی بڑی رقم کا معاملہ تھا جو راز میں نہیں رہ سکا ۔ 10 نومبر سے انٹلی جنس اور ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار ہر جگہ اپنی نظر رکھے ہوئے ہیں یا چند ایسے افراد کا انتخاب کرچکے ہیں جن پر کسی کو شک نہ ہو ان کی مدد سے بلیک منی کو وائیٹ کرنے والوں پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ کسانوں کے اکاونٹ میں 40 کروڑ روپئے راتوں رات جمع ہوجانے کا باریکی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور گنٹور کے ایک قومیائے ہوئے بینک کے منیجر سے اس کی تفصیلات طلب کی گئی ہے ۔ باوثق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تفصیلات حاصل ہونے کے بعد کسانوں کے مالی موقف اور ان کی جانب سے گذشتہ سال دو سال میں بینک سے کی گئی لین دین کا ریکارڈ چک کیا جائے گا اور سلسلے میں کسانوں سے پوچھ تاچھ کی جائے گی ۔ کس کی ایماء پر انہوں نے اپنے بینک کھاتوں میں رقم جمع کیا ہے ۔ اس کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے خلاف اور رقم جمع کرنے کی ترغیب دینے والے کے خلاف جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT