Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / گھر گھر سربراہی آب کیلئے مشن بھگیرتا پراجکٹ کے کام میں سرعت

گھر گھر سربراہی آب کیلئے مشن بھگیرتا پراجکٹ کے کام میں سرعت

جاریہ سال کے اختتام سے قبل پانی کی فراہمی ، سریندر ریڈی انجنیئر انچیف رورل واٹر سپلائی کا ادعا
حیدرآباد ۔ /15 جنوری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے عوام کی پیاس بجھانے گھر گھر پانی کی فراہمی کے مقصد سے شروع کردہ مشن بھگیرتا پراجکٹ کے کام انتہائی تیزی سے جاری ہیں اور جاریہ سال ماہ ڈسمبر کے اختتام سے قبل ہر گھر کو پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔ مسٹر سریندر ریڈی ، انجنیئر انچیف محکمہ رورل واٹر سپلائی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ جہاں آبی وسائل کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں وہاں پر تعمیر کئے جانے والے (19) ان ٹیک ویلس (Intake wells) کے منجملہ (12) ان ٹیک ویلس مکمل ہوچکے ہیں ۔ ماباقی ویلس کے تعمیراتی کام ایف ٹی ایل سطح سے اوپر پمپ روم پورشن لیول تک مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انجنیئر ان چیف نے مشن بھگیرتا پراجکٹ کے دیگر جاری کاموں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ (50) ڈبلیو ٹی پی میں (8) ڈبلیو ٹی پی کے تعمیراتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں اور الیکٹرو میکانیکل کاموں کی سطح تک پہونچ چکے ہیں ۔ جبکہ (17) ڈبلیو ٹی پی کے تعمیراتی کام (70) فیصد تک مکمل کئے جاچکے ہیں ۔ ماباقی ڈبلیو ٹی پی کے کام مختلف مرحلوں میں جاری ہیں ۔ مسٹر سریندر ریڈی نے بتایا کہ بالکلیہ طور پر صاف پانی کی سربراہی کرنے والی پائیپ لائین تقریباً (49296) کیلو میٹر تک پرائمری اور (16120) کیلو میٹر سکنڈری پائیپ لائین کے کام مکمل کرلئے گئے ۔ علاوہ ازیں ، ڈی آئی پائیپ لائین کے کام بھی تقریباً مکمل ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ (407) سمپس کے منجملہ (110) سمپس مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ماہ جون تک مزید 1201 سمپس کے کام بھی مکمل کرلئے جائیں گے اور (147) جی ایل پی آر کے منجملہ 30 مکمل کئے گئے ۔ ماباقی جی ایل پی آر کے کام بھی تیزی کے ساتھ جاری ہیں ۔ انجنیئر ان چیف محکمہ رورل واٹر سپلائی نے بتایا کہ مشن بھگیرتا پراجکٹ کے دیگر کام بھی انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں اور ان تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرلئے جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT