Tuesday , December 11 2018

گیس پائپ لائن دھماکہ ،متوفیوں کے خاندانوں میں معاوضہ کی تقسیم

راجمندری 6 جولائی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر داخلہ این چنا راجپا نے ضلع مشرقی گوداوری کے موضع ناگارام میں گیس پائپ لائن دھماکہ کے متوفیوں اور زخمیوں کے ورثاء میں آج 1.45 کروڑ روپئے سے زائد رقم پر مشتمل معاوضے تقسیم کئے ۔ چنا راجپا نے کہا کہ 21 متوفیوں اور 19 زخمیوں کے ورثاء میں 1.45 کروڑ روپئے کی رقم بطور معاوضہ تقسیم کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ متوفیوں کے ارکان خاندان کو آج وزیراعظم ریلیف فنڈ سے جاری فی کس 2,2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کے خاندانوں کو فی کس 50 ہزار روپئے تقسیم کئے گئے ۔ قبل ازیں گیس اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹیڈ (گیل) نے متوفیوں کے خاندانوں کیلئے فی کس 20 لاکھ روپئے اور حکومت آندھرا پردیش نے فی کس 3 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا تھا ۔ اس طرح 21 متوفیوں کے خاندانوں کو فی کس 25 لاکھ روپئے دیئے گئے ہیں ۔ چنا راجپا نے کہا کہ زخمیوں کے خاندانوں میں معاوضہ کو پانچ لاکھ روپئے تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی ناریل کے درختوں کیلئے معاوضہ 4000سے بڑھا کر 6000 روپئے کرچکی ہے اور متاثرہ ناریل کاشتکاروں کو جن کی تعداد تقریبا 2000 ہیں رقم ادا کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیل کی جانب سے ناریل کے کاشتکاروں کے علاوہ ان افراد کو معاوضہ دیا جائے گا جن کے گھر دھماکہ میں جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT