Tuesday , October 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / گیل کی ریکارڈ سنچری، رنگپور رائیڈرز بی پی ایل چمپیئن

گیل کی ریکارڈ سنچری، رنگپور رائیڈرز بی پی ایل چمپیئن

ڈھاکہ۔13ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)کرس گیل کی 146 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے فائنل میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو 57 رنز سے شکست دے کر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی چیمپیئن بننے کا پہلی مرتبہ اعزاز حاصل کر لیا۔ ایونٹ کے فائنل میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ اور 22 رنز پر گیل کا کیچ چھوڑنا ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ڈھاکہ کو اننگز کی ابتدا میں ہی جانسن چارلس کی شکل میں کامیابی ملی لیکن اس کے بعد ڈھاکہ کے بولرز میچ میں کامیابی کو ترس گئے اور پوری کوشش کے باوجود مزید کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔کرس گیل اور برینڈن مکالم نے میدان سنبھالا جہاں گیل کا کھیل دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا جنہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بولروں کی خوب درگت بنائی اور سنچری اسکور کی۔انہوں نے 69 گیندوں پر ریکارڈ ساز 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مکالم 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔رنگپور رائیڈرز نے مقررہ اوورز میں ایک وکٹ پر 206 رنز بنائے۔جواب میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 29 کے اسکور پر اس کے 4 مستند کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، مہدی معروف اور جوئے ڈینلی صفر، کیرون پولارڈ 5 اور ایون لوئس 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر شکیب الحسن نے جہارالاسلام کے ساتھ مل کر اسکور 71 تک پہنچا دیا لیکن نظم الاسلام نے شکیب کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی جنہوں نے 26 رنز بنائے جبکہ مصدق ملک 1 اور شاہد آفریدی 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔129 کے اسکور پر سنیل نارائن 14 رنز بنا کر یوڈانا کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ جہارالاسلام 50 رنز بنا کر ڈھاکہ کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے لیکن ان کی یہ کاوش ٹیم کو فتح دلانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ڈھاکہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 149 رنز ہی بنا سکی اور میچ میں 57 رنز سے فتح کے ساتھ ہی رنگپور رائیڈرز نے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔کرس گیل کو میچ کے علاوہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2017 کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT