Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / گینگسٹر نعیم کیس میں پولیس عہدیداروں کے بعد سیاسی قائدین پر توجہ

گینگسٹر نعیم کیس میں پولیس عہدیداروں کے بعد سیاسی قائدین پر توجہ

ایس آئی ٹی کی تحقیقات میں شدت ، مسئلہ سینئیر وزیر سے رجوع ، ڈی جی پی کے خلاف محاذ کی اطلاعات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گینگسٹر نعیم کیس کے معاملے میں معطل شدہ اور نوٹس وصول کرنے والے پولیس ملازمین کو بچانے کے لیے میدان میں اترنے والے سینئیر ریٹائرڈ پولیس عہدیدار نے معاملے کو ریاست کے ایک سینئیر وزیر سے رجوع کردیا اور کارروائی کو ذات پات سے جوڑتے ہوئے ڈی جی پی انوراگ شرما کے خلاف محاذ کھولنے کی اطلاعات منظر عام پر آرہی ہیں ۔ تحقیقات کرنے والی ٹیم نے نعیم کا ساتھ دینے والے سرپنچ سے رکن اسمبلی تک کی ایک فہرست تیار کی ہے ۔ 7 قائدین کے خلاف ثبوت کے ساتھ ایک رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے ۔ گینگسٹر نعیم انکاونٹر کے بعد چند دن تک مسئلہ سرخیوں میں رہا 8 ماہ تک مسئلہ ٹھنڈا رہا اچانک 5 پولیس ملازمین کو معطل کرنے کے بعد دوبارہ سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ۔ نعیم سے تعلقات رکھنے والے پولیس ملازمین کی فہرست تیار کرنے کے بعد ایس آئی ٹی اپنی ساری توجہ سیاسی قائدین پر مرکوز کردی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جن 5 پولیس ملازمین کو معطل کردیا ہے ان کے نعیم سے تعلقات اور تعاون کے پکے ثبوت دستیاب ہوئے ہیں کس سے فنڈز حاصل کیے گئے ، کیسے لیے ۔ ان کے اثاثہ جات کتنے ہیں ۔ بے نامی کون ہیں تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا ہے ۔ ایک سینئیر آئی اے ایس عہدیدار پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ لیکن پولیس ملازمین جن کو معطل کردیا گیا ہے وہ اور نوٹس وصول کرنے والے پولیس ملازمین اپنے بچاؤ کے لیے کافی دوڑ دھوپ کررہے ہیں ۔ ایک ریٹائرڈ ڈی جی پی رینک کے اعلیٰ عہدیدار سے رجوع ہو کر بچنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سینئیر عہدیدار بھی سزا کو معاف کرانے یا کم کرانے میں ناکام ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مسئلہ کو ریاست کے ایک سینئیر وزیر سے رجوع کردیا ہے ۔ وزیر نے مسئلہ کو چیف منسٹر تک پہونچانے کا تیقن دیا ۔ واضح رہے کہ پولیس نے ڈپٹی صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل این ودیا ساگر راؤ کے علاوہ ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین سے پوچھ تاچھ کی ہے ۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی کے نعیم سے تعلقات کا انکشاف ہوا ہے ساتھ ہی ایک اپوزیشن کا رکن اسمبلی بھی نعیم سے رابطے میں رہنے کی اطلاعات وصول ہورہی ہیں ۔ قائدین نے نعیم کا تعاون حاصل کرتے ہوئے اراضی تنازعات کی یکسوئی کرائی ہے اور چند افراد کو ڈرا دھمکا کر ان کی قیمتی اراضی اپنے نام بھی کرلی ہے ۔ ایس آئی ٹی کو وصول ہونے والی تمام شکایتوں کا باریکی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور ثبوت ملنے کے بعد ہی کارروائی کی جارہی ہے ۔ سیاسی قائدین میں اضلاع نلگنڈہ اوررنگاریڈی کے سرپنچس ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ارکان کے علاوہ دوسرے قائدین کے نام شامل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ پہلے بڑے اور با اثر قائدین کے خلاف کارروائی کرنے کے بعد چھوٹے موٹے قائدین کے خلاف کارروائی کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ نعیم اور اس کے گینگ کی غنڈہ گردی کے خلاف ابھی 205 مقدمات درج ہوئے ہیں تقریبا 120 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ آئندہ ایک ماہ تحقیقات مکمل کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT