Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / گینگسٹر نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تفصیلات انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حوالے

گینگسٹر نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تفصیلات انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حوالے

حیدرآباد۔/11اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بدنام زمانہ گینگسٹر نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں اور غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیدادیں و رقومات کی مکمل تفصیلات اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی) نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو فراہم کی۔ گزشتہ ہفتہ محکمہ انکم ٹیکس نے گینگسٹر نعیم کے ارکان خاندان کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے جائیدادوں اور اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے کہا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو گینگسٹر کے انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے کے بعد درج کئے گئے 217 مقدمات کے ایف آئی آر کاپیز کے علاوہ 40 چارج شیٹس اور پنچنامہ کی تفصیلات بھی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو فراہم کئے ہیں۔ ایس آئی ٹی سربراہ مسٹر وائی ناگی ریڈی نے اس بات کی توثیق کی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر رقومات کی منتقلی کے ایکٹ کے تحت نعیم کے ارکان خاندان اور دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ ایس آئی ٹی نے گینگسٹر کے انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے کے بعد اس کے مکان واقع الکا پوری سے جائیدادوں کے دستاویزات، بھاری رقومات اور دیگر اشیاء برآمد کیا تھا۔ واضح رہے کہ گینگسٹر نعیم کو اگسٹ سال 2016 میں ملینم ٹاؤن شپ شاد نگر میں گرے ہاؤنڈز نے انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا۔ ریاستی حکومت نے گینگسٹر کی غیر قانونی سرگرمیوں اور اس کی جائیدادوںکا پتہ لگانے کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی جس نے نعیم کی بیوی حسینہ بیگم، بہن اور دیگر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے آئندہ ماہ نعیم کے ارکان خاندان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT