Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گینگسٹر نعیم کے بارے میں ہر دن نئے انکشافات

گینگسٹر نعیم کے بارے میں ہر دن نئے انکشافات

پولیس کو چکمہ دینے خواتین کا لباس بھی پہنا کرتا تھا ، تحقیقات میں شدت

حیدرآباد۔ 13 اگست (سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے تشکیل دی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اپنی تحقیقات میں شدت پیدا کردی ہے جس کے نتیجہ میں ہر دن نئے انکشافات رونما ہورہے ہیں۔ تازہ ترین انکشاف میں ایس آئی ٹی عہدیدار اس وقت حیرت زدہ ہوگئے جب نعیم کے مکان پر تلاشی کے دوران گینگسٹر کی تصاویر ہاتھ لگی ہیں جس میں نعیم خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ہے اور وہ بھیس بدل بدل کر پولیس کو چکمہ دیا کرتا تھا۔ تحقیقات کے دوران ایس آئی ٹی کو یہ پتہ چلا ہے کہ گینگسٹر نعیم اپنی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کیلئے خواتین و بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ساڑی ، شرٹ شلوار وغیرہ پہنتے ہوئے خود کو خواتین کے بھیس میں تبدیل کرکے گھوما کرتا تھا۔ ایس آئی ٹی نے بتایا ہے کہ نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات میں شدت پیدا کردی گئی ہے جس میں انہیں پتہ چلا ہے کہ شہر کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں بدنام زمانہ گینگسٹر کے 20 مکانات موجود ہیں۔ مہلوک گینگسٹر نے ندیم عرف وجئے کمار اور نسرین کا خفیہ طور پر قتل کرکے ان کی نعشوں کو ٹھکانے لگا دیا تھا لیکن پولیس اب تک اس بات سے لاعلم تھی۔ اسی طرح حنا اور اس کی لڑکی چیاں بھی جو پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی، کی نعشوں کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ ایس آئی ٹی نے گینگسٹر نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کیلئے خصوصی کنٹرول روم 9440627218 قائم کیا تھا جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور اندرون دو یوم 60 متاثر افراد کے فون کالس موصول ہوئے ہیں۔ متعلقہ پولیس کو اس سلسلے میں نعیم اور اس کی ٹولی کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے کیس ڈائریز ایس آئی ٹی کے حوالے کرنے ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ربط پیدا کیا جانے پر ایس آئی ٹی سربراہ مسٹر وائی ناگی ریڈی نے بتایا کہ نعیم نے ریاست کے مختلف علاقوں میں اپنی خفیہ پناہ گاہیں بنا رکھی تھیں جس کا پولیس کو علم ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کیلئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ نعیم جو خود کو مختلف بھیس میں تبدیل کرتے ہوئے اکثر مضافاتی علاقوں میں رہتا تھا۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کی مدد سے عوام ، ایس آئی ٹی کو گینگسٹر سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاعات فراہم کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں پولیس نے نعیم کے ساتھیوں توٹاکمارا سوامی ، ٹیک مدھو اور آر سرینواس کو بھی بھونگیر ٹاؤن میں درج کئے گئے مقدمات میں گرفتار کیا ہے جبکہ نعیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کورٹلہ پولیس اسٹیشن اور کریم نگر رورل پولیس اسٹیشن میں بھی چار نئے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ نارسنگی، شاد نگر، مریال گوڑہ ٹاؤن I  اور ونستھلی پورم پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے گینگسٹر کے ارکان خاندان اور ساتھیوں کو پولیس تحویل میں لینے کیلئے عدالت میں درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT