Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / ہائی کمان کے مشوروں سے آگے بڑھونگا

ہائی کمان کے مشوروں سے آگے بڑھونگا

تلنگانہ میں مقابلہ کی خواہش پر محمد اظہر الدین کا رد عمل
حیدرآباد 22 اکٹوبر( پی ٹی آئی ) ) سابق کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین نے کہا ہے کہ وہ پارٹی میں اپنے رول کے تعلق سے ہائی کمان کے مشوروں سے آگے بڑھیں گے ۔ اظہر الدین کو تلنگانہ کانگریس نے 2019 کے انتخابات میں تلنگانہ سے مقابلہ کرنے کیلئے مدعو کیا ہے ۔ اظہر الدین نے یہاں پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہی کرینگے جو ہائی کمان چاہے گا ۔ 54 سالہ سابق ہندوستانی کپتان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے انہیں ریاست سے مقابلہ کرنے کی دعوت دی ہے اور انہیں اعزاز بخشا ہے ۔ اظہر الدین مراد آباد سے سابق کانگریس رکن پارلیمنٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی سے ملک کے مختلف علاقوں میں کانگریس کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ یہاں گذشتہ ہفتے اتم کمار ریڈی نے اظہر الدین کو دعوت دی تھی کہ وہ تلنگانہ میں کسی بھی مقام سے پارلیمنٹ یا اسمبلی کی رکنیت کیلئے مقابلہ کریں۔ اظہر الدین نے تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے کام کرنے رضا مندی ظاہر کی تھی ۔ اظہر الدین نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ اگر ہم مل کر دوبارہ کام کریں تو تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی حکومت بحال ہوجائیگی ۔ اس پر اتم کمار ریڈی نے کہا تھا کہ وہ اظہر الدین کو تلنگانہ میں دعوت دے رہے ہیں کہ پارلیمنٹ یا اسمبلی کی رکنیت سے جس سے چاہیں مقابلہ کریں ۔ ریاستی کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ اظہر الدین تلنگانہ سے انتخابات میں حصہ لیں اور پارٹی کیلئے مہم بھی چلائیں۔ اظہر الدین کو 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں راجستھان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT