Sunday , February 18 2018
Home / سیاسیات / ہاردک بھی سردار پٹیل کا ڈی این اے رکھتے ہیں : کانگریس لیڈر کا ریمارک

ہاردک بھی سردار پٹیل کا ڈی این اے رکھتے ہیں : کانگریس لیڈر کا ریمارک

یہ سردار پٹیل اور گجرات کی توہین ہے ۔ بی جے پی کا شدید رد عمل ۔ آنجہانی لیڈر کے رشتہ داروں کا بھی ریمارک پر احتجاج
احمد آباد 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کانگریس کے ایک لیڈر نے آج اپنے ریمارکس سے ایک نیا تنازعہ پیدا کردیا ہے اور کہا کہ پٹی دار کوٹہ احتجاج کے لیڈر ہاردک پٹیل سردار پٹیل کا ڈی این اے رکھتے ہیں۔ بی جے پی نے ان ریمارکس کی مذمت کی ہے اور کہا کہ اس طرح کا تقابل در اصل سردار ولبھ بھائی پٹیل کی ہتک ہے جو آزاد ہندوستان کے پہلے نائب وزیر اعظم تھے اور انہیں مرد آہن بھی کہا جاتا ہے ۔ سردار پٹیل کے ایک رشتہ دار نے بھی کہا ہے کہ ان دونوں کا کوئی تقابل نہیں ہوسکتا کیونکہ سردار پٹیل نے قوم کے اتحاد کیلئے کام کیا تھا جبکہ ہاردک پٹیل قوم کو تقسیم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ گجرات کانگریس کے سینئر لیڈر شکتی سنہہ گوہل نے کل میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاردک پٹیل نے ریاست میں بی جے پی کو نشانہ بنانے کیلئے ایک مدلل اور راست طریقہ کار اختیار کیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ہاردک پٹیل بھی سردار پٹیل کا ڈی این اے رکھتے ہیں جنہیں برطانوی سامراج بھی توڑنے میں یا کچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا ۔ شکتی سنہہ گوہل نے کہا کہ ہاردک پٹیل اپنی برداری سے ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے بالکل سیدھا اور واضح طریقہ کار اختیار کیا ہے اور اس کو بی جے پی صدر امیت شاہ کے کروڑہا روپئے بھی خرید نہیں سکے ہیں ۔

ہاردک کو مہینوں تک جیل میں رکھنے کے بعد بھی توڑا نہیں جاسکا ہے ۔ گوہل نے سوشیل میڈیا پر پھیلنے والے ایک ویڈیو کے جواب میں یہ ریمارکس کئے ہیں جس کے تعلق سے ادعا کیا گیا ہے کہ یہ ہاردک پٹیل کا سیکس ایم ایم ایس ہے ۔ گوہل نے کہا کہ ہاردک کا بھی سردار پٹیل کا ڈی این اے ہے جنہیں برطانیہ بھی نہ خرید سکا اور نہ توڑ سکا تھا اسی طرح بی جے بھی ہارک کو نہ خرید سکتی ہے اور نہ انہیں خوفزدہ کرسکتی ہے ۔ بی جے پی لیڈر منسکھ مانڈویا نے گوہل کے ریمارکس پر اپنے رد عمل میں کہا کہ ہاردک پٹیل کا سردار پٹیل سے تقابل کرنا در اصل سردار پٹیل کی ہتک ہے ۔ یہ در اصل ریاست گجرات اور ملک کی توہین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ایک سیکس اسکینڈل میں دکھائی دے رہا ہے اس کا تقابل سردار پٹیل سے کرنا سردار پٹیل کی توہین ہے ۔ کانگریس کی ہمیشہ روایت رہی ہے کہ اس نے سردار پٹیل کی توہین کی ہے اور یہ توہین گجرات کی اور سارے ملک کی توہین ہے ۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل ایک رشتہ دار سمیر پٹیل نے بھی گوہل کے ریمارکس کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا بچکانہ ہے کہ ہاردک پٹیل میں بھی سردار پٹیل کا ڈی این اے ہے کیونکہ سردار پٹیل نے قوم کو متحد کرنے کا کام کیا تھا جبکہ ہاردک پٹیل قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔ گجرات میں ہاردک پٹیل بی جے پی کے خلاف سرگرم ہیں اور ایک سی ڈی کے منظر عام پر آنے کے بعد وہ تنازعہ میں گھر گئے ہیں ۔ اس سی ڈی کے کلب میں ایک شخص کو دکھایا گیا ہے جو ہاردک پٹیل کی طرح دکھائی دیتا ہے اور اس میں ایک خاتون بھی ہے ۔ یہ سی ڈی سوشیل میڈیا پر پھیل گئی ہے ۔ کانگریس نے فوری طور پر ہاردک کی مدافعت کا آغاز کیا ہے ۔ کل ہاردک پٹیل نے بھی کانگریس کی جانب سے پٹیل برداری کو تحفظات فراہم کرنے کے مسئلہ پر دئے گئے تین امکانات پر طمینانت کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی برداری کے قائدین مل کر کانگریس کی تائید کے مسئلہ پر کوئی قطعی فیصلہ کرینگے ۔ ہاردک پٹیل نے قبل ازیں یہ شرط رکھی تھی کہ کانگریس تحفظات کا وعدہ کرتی ہے تو ہی اس کی تائید و حمایت کی جائیگی ۔

TOPPOPULARRECENT