Tuesday , June 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہاکی ورلڈ کپ کیلئے 18 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان

ہاکی ورلڈ کپ کیلئے 18 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان

نئی دہلی۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تجربہ کار مڈ فیلڈر گربا سنگھ کو تقریباً دو برس بعد ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کا موقع مل گیا ہے جیسا کہ 31 مئی کو نیدرلینڈز میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے ہاکی انڈیا نے 18 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ 18 رکنی معلنہ ٹیم کی قیادت مڈ فیلڈر سردار سنگھ کررہے ہیں جبکہ ان کے لئے روپیندر سنگھ نائب کپتان ہوں گے۔ 25 سالہ گربا سنگھ نے آخری مرتبہ 2012ء لندن اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی، لیکن اس کے بعد ان کے ناقص مظاہروں کی وجہ سے انہیں ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا حالانکہ وہ 2007ء میں چینائی میں ایشیا کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔ علاوہ ازیں باصلاحیت مڈ فیلڈر جسجیت سنگھ کو بھی بین الاقوامی کریر کے آغاز کا موقع دیا گیا ہے

اور وہ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیلیں گے۔ پی آر سری جیش، ہرجوتھ سنگھ کو گول کیپنگ کی ذمہ داری کے لئے منتخب کیا گیا ہے جبکہ روپیندر، وی آر رگھوناتھ، بیریندر لکرا، کوتھاجیت سنگھ کھڈنگبم اور من پریت سنگھ کو ڈیفنس کے استحکام کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے 21 مئی کو روانہ ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم پول اے میں موجود ہے جس کے ساتھ اس پول میں آسٹریلیا، بلجیم، انگلینڈ، اسپین اور ملائیشیا ہیں تاہم ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا مقابلہ 31 مئی کو بلجیم کے خلاف کھیلے گی۔ کپتان سردار نے ورلڈ کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم کی تیاریوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دوسری مرتبہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت ان کے لئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی پُر اعتماد ہے کہ وہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ہر کسی کی جانب سے وابستہ اُمیدوں کو پورا کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT