Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ہرگاؤں میں کم از کم 40 ہزار پودے لگانے پر زور

ہرگاؤں میں کم از کم 40 ہزار پودے لگانے پر زور

سرسبز و شادابی سے خشک سالی دور ہوگی، وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد 10 جولائی (این ایس ایس) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج عوام پر زور دیا کہ ہرگاؤں میں کم از کم 40 ہزار پودے لگائیں تاکہ خشک سالی کی صورتحال دور ہو اور بارش ہو اور ان کے تالابوں، جھیلوں اور آبی ذخائر میں خاطر خواہ پانی آئے۔ وزیر آبپاشی اتوار کو ضلع میدک میں مختلف ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لے رہے تھے۔ انھوں نے عوام کے ساتھ سدی پیٹ منڈل کے ابراہیم پور ولیج میں پودے لگائے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ انھوں نے ابراہیم پور ولیج میں بڑی تعداد میں شجرکاری کرتے ہوئے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جس کے لئے انھوں نے عوام، سرکاری عہدیداروں اور دوسروں سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے مستقبل کی نسل کی مدد کے لئے گرین ڈرائیو میں حصہ لیا۔ انھوں نے کہاکہ گرین ڈرائیو کا مقصد ہمارے بچوں کو بہتر مستقبل دینا ہے۔

گرینری کے فروغ ہی سے آلودگی پر قابو پانے، بارش ہونے میں مدد ہوگی اور اس طرح کھیتوں کے لئے خاطر خواہ پانی فراہم ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق ریاست میں 46 کروڑ پودے لگانے کے گرین ڈرائیو کا آج آغاز ہوا۔ حکومت بھاری فنڈس خرچ کرتے ہوئے ریاست میں فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی پروگرامس کو روبہ عمل لانا چاہتی ہے۔ ہماری بھی یہ ذمہ داری ہے کہ جو پودے لگائے گئے ہیں ان کی حفاظت کریں۔ ہریش راؤ نے سابق حکومتوں کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انھوں نے گرین ڈرائیو کو نظرانداز کردیا جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت خاطر خواہ بارش کے لئے گرین ڈرائیو شروع کررہی ہے۔ وزیر آبپاشی نے کہاکہ عوام یقینا گرین ڈرائیو کے فائدہ کو دیکھیں گے جس سے خشک سالی دور ہوگی اور تمام دیہاتوں میں جھیلیں اور تالاب بھر جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT