Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / ہریانہ میں تحفظات کے مطالبہ پر جاٹ برادری کا احتجاجی مظاہرہ

ہریانہ میں تحفظات کے مطالبہ پر جاٹ برادری کا احتجاجی مظاہرہ

بغیر اجازت دھرنا دینے پر 20 افراد گرفتار ۔ صدر تنظیم کے خلاف بغاوت کے مقدمہ سے دستبرداری پر زور

حصار ۔ 18جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر جاٹ برادری کا احتجاج 14 ویں دن میں داخل ہوگیا جبکہ پولیس نے سورلیوال چوک پر بغیر اجازت دھرنا منظم کرنے پر 20 جاٹوں کو حراست میں لے لیا۔ آل انڈیا جاٹ آرگھشن سنگھرش سمیتی کے سابق ضلع صدر امیت سنگھ نے بتایا کہ تنظیم نے غیرمعینہ مدت کا دھرنا شروع کرنے کی اجازت کیلئے درخواست پیش کی تھی لیکن ضلع انتظامیہ نے نامنظور کردیا۔ جاٹ احتجاجی آج صبح 10 بجے سہار۔ تھوند روڈ پر چوک کے قریب اکٹھا ہوگئے ، پولیس نے ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ پہنچ کر دھرنا ختم کردینے کی ہدایت دی ۔ بعد ازاں پولیس نے 20 افراد کو حراست میں لیکر برورل پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ محروسین میں کندوکھاپ کے ترجمان جگبیر کنڈو اور سابق صدر سہار ضلع پریشد اجیت لتانی اور دیگر شامل ہیں۔ جاٹ احتجاجیوں کا یہ مطالبہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی ملازمتوں میں ریزرویشن فراہم کیا جائے اور جاریہ سال فبروری میں احتجاج کے دوران گرفتار بے قصور نوجوانوں کو رہا کیا جائے۔

علاوہ ازیں ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ سابق احتجاجی تحریک میں ہلاک جاٹوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ اور ملازمتوں کیفراہمی اور آل انڈیا جاٹ آرکھشن سنگھرش سمیتی کے صدر یشپال ملک کے خلاف بغاوت کے مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ دریں اثناء ہسار ضلع کے میار میں جاٹ برادری کے ارکان کا غیرمعینہ دھرنا آج 14 ویں دن میں داخل ہوگیا ۔ آج کے دھرنے کو مخاطب کرتے ہوئے جاٹ لیڈروں نے الزام عائد کیا کہ ہریانہ میں برسراقتدار حکومت نے ریزرویشن کے معاملہ میں امتیازی سلوک اختیار کیا ہے اور اس مسئلہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے ۔ انھوں نے یہ ادعا کیا کہ ریزرویشن ، جاٹوں کا بنیادی حق ہے اور حکومت سے ہر قیمت پر لیکر رہیں گے ۔ احتجاجیوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ جاٹ لیڈروں کے خلاف مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ سمیتی کے ترجمان رام بھگت ملک نے بتایا کہ آج کا دھرنا پرامن رہا ۔ دریں اثناء ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT