ہریش راؤ کو انتخابی خرچ کے لیے عوامی عطیات

رائے دہندوں میں زبردست جوش و خروش، عوام کی تائید اور سرپرستی میرے لئے قرض
حیدرآباد ۔ 19۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اپنے حلقہ انتخاب سدی پیٹ میں انتخابی مہم کا عملاً آغاز کرتے ہوئے مختلف مواضعات کا دورہ کیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ سدی پیٹ کے ہر گاؤں میں ہریش راؤ کے متفقہ انتخاب کے سلسلہ میں عوام کی جانب سے قراردادوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام نے عہد کیا ہے کہ سدی پیٹ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ہریش راؤ کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے منتخب کیا جائے۔ ہریش راؤ نے آج گورالا گندی گاؤں کا دورہ کیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کی موجودگی میں گاؤں والوں نے قرار داد منظور کرتے ہوئے منتخبہ طور پر کامیاب بنانے کا حلف لیا۔ دوبارہ کامیاب بنانے کا عہد کرنے اور انتخابی خرچ کیلئے رقم فراہم کرنے پر ہریش راؤ نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں اپنے جسم کی کھال سے عوام کے چپل بنادوں تب بھی میں ان کا قرض ادا نہیں کر پاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنی سرپرستی کے ذریعہ جو طاقت فراہم کی ہے، وہ اسے علاقہ کی ترقی پر صرف کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ان کے لئے سب کچھ ہے۔ آپ تمام کے تعاون سے میں نے دیہی علاقوںکی ترقی کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں نے جس جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے ، وہ ہمیشہ یاد رہے گا اور وہ اسے اپنے لئے ایک قرض تصور کرتے ہیں۔ گاؤں کی مختلف تنظیموں کی جانب سے ہریش راؤ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے خرچ کے طورپر عطیات فراہم کئے گئے ۔ متفقہ قرارداد کے علاوہ پرچہ نامزدگی کے خرچ کی فراہمی پر ہریش راؤ جذباتی ہوگئے ۔ یادو سنگم نے 5116 روپئے کا عطیہ دیا جبکہ مہیلا سنگم 5116 ، منورو کاپو سنگم 2116 ، گوڑ سنگم 2116 ، ایس سی امبیڈکر مادیگا سنگم 2116 ء ایس سی امبیڈکر مالا سنگم 2116 ، شالی واہنا سنگم 2116 ، مدیراج سنگم 1116 ، آریہ ویشیا سنگم 2116 ، ریڈی سنگم 2116 اور گنگا پترا سنگم کی جانب سے 3116 روپئے کا عطیہ دیا گیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کی حوصلہ افزائی اور طاقت ہی ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اسی دوران سدی پیٹ میں روی پرکاش فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کئے جانے والے اسکول کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر ٹی وی 9 کے سی ای او روی پرکاش نے سدی پیٹ میں ہریش راؤ کی جانب سے ترقیاتی کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ میں نے اب تک ترقی کے بارے میں سنا تھا لیکن اب دیکھنے کا موقع ملا۔ ترقی کو زبان سے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ہریش راؤ نے ایم پی ڈی او آفس میں ملازمین کے مفت ہیلت کیمپ میں شرکت کی ۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ کام کے ساتھ اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ویلنیس سنٹر قائم کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT