Sunday , September 23 2018
Home / Top Stories / ہریش راؤ کا 4 گھنٹے طویل اعلیٰ سطحی اجلاس،کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

ہریش راؤ کا 4 گھنٹے طویل اعلیٰ سطحی اجلاس،کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

اقلیتی اسکیمات میں سُست روی
عنقریب ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس، ائمہ و مؤذنین کو اعزازیہ میں تاخیر پر ناراضگی

حیدرآباد ۔ /4 اپریل (سیاست نیوز) اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری اور اسکیمات کے فوائد مستحقین تک پہونچانے کیلئے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں ۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور مسلم ارکان مقننہ کے ساتھ منعقدہ چار گھنٹے طویل اجلاس میں ہریش راؤ نے اقلیتی بہبود کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار سست ہے ۔ لہذا ضلع کلکٹرس کو اسکیمات کے سلسلے میں واقف کرانے کیلئے اندرون ایک ہفتہ ویڈیو کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔ ہریش راؤ نے اقلیتی بہبود کے زیرالتواء بجٹ کی اجرائی کا تیقن دیا اور آئمہ اور موذنین کے اعزازیہ کو ہر ماہ کی /5 تاریخ تک جاری کرنے کے ہدایت دی ۔ ارکان مقننہ محمد فریدالدین ، فاروق حسین ، محمد سلیم کے علاوہ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور ، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائیٹی بی شفیع اللہ ، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور ، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن بی وکٹر اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ گزشتہ چار برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ہریش راؤ نے اقلیتی بہبود کے بارے میں وسیع تر اجلاس منعقد کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کے مشورے پر یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا تاکہ محکمہ کو متحرک کیا جائے ۔ ہریش راؤ نے بجٹ کی اجرائی اور اسکیمات کا تفصیل سے جائزہ لیا ۔ اقامتی اسکول سوسائیٹی کے بجٹ کی اجرائی کے سلسلے میں بی شفیع اللہ نے توجہ دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ 204 اقامتی اسکولوں میں 48 ہزار نشستیں ہیں اور آئندہ تعلیمی سال ان نشستوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار 400 ہوجائے گی ۔ 12 اقامتی جونیر کالجس بھی سوسائیٹی کے تحت کام کررہے ہیں ۔ گزشتہ سال 435 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جبکہ جاریہ سال حکومت نے 735 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ 176 اسکول خانگی عمارتوں میں کام کررہے ہیں جبکہ 61 اسکولوں کیلئے اراضی الاٹ کردی گئی ۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے سلسلے میں مالیاتی سال 2016-17 ء کی زیرالتواء درخواستوں کی اجرائی کی ہدایت دی گئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بقایہ جات کی اجرائی کیلئے 57 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد بجٹ جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت 968 طلباء کو منتخب کیا گیا جن میں سے 576 طلباء کو تعلیمی امداد جاری کی گئی ہے ۔

عہدیداروں نے بتایا کہ اگر 6 کروڑ روپئے جاری کئے جاتے ہیں تو باقی امیدواروں کو رقم جاری کی جائے گی ۔ آمدنی کی حد میں 5 لاکھ روپئے تک اضافہ کرنے سے جاریہ سال درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسکیمات پر موثر عمل آوری کے ذریعہ حکومت کے امیج کو خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے ۔ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے تین کروڑ روپئے کی اجرائی کا تیقن دیا گیا ۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ مرکزی اسکیمات پر عمل آوری اور اس کے بجٹ کے حصول کیلئے نوڈل آفیسر کا تقرر کیا جائے جو وقتاً فوقتاً دہلی سے ربط قائم کرتے ہوئے فنڈز کے حصول کو یقینی بنائے ۔ ایم ایس ڈی پی اسکیم کے تحت 13 اسکولوں کی تعمیر کیلئے مرکز نے فنڈز منظور کئے ہیں ۔ ہریش راؤ نے وقف بورڈ سے گرانٹ ان ایڈ کی فوری اجرائی کی ہدایت دی ۔ ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ سے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ 970 ائمہ و موذنین کو بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے تین کروڑ کی ضرورت ہے ۔ اگر 15 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں تو رمضان المبارک تک یہ ادائیگی مکمل ہوجائے گی ۔ ہریش راؤ نے کئی ماہ تک اعزازیہ ادا نہ کئے جانے پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ اس سے حکومت کا امیج متاثر ہوگا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پنشن کی طرح ہر ماہ کی 5 تاریخ تک اعزازیہ کی رقم اکاؤنٹس میں جمع کردی جائے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت 13 ہزار درخواستیں زیرالتواء ہیں ۔

انہوں نے درخواستوں کی تاریخ کے اعتبار سے یکسوئی کی ہدایت دی تاکہ عوام کو طویل مدت تک انتظار نہ کرنا پڑے ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن سے قرض کی اجرائی کے سلسلے میں ہریش راؤ نے مائیکرو فینانسنگ اسکیم کے آغاز کا مشورہ دیا جس کے تحت 80 فیصد رقم کارپوریشن بطور سبسیڈی فراہم کرے گا اور امیدوار کو 20 فیصد کا انتظام کرنا ہوگا ۔ کارپوریشن میں ایک لاکھ 63 ہزار درخواستیں زیرالتواء ہیں ۔ ہریش راؤ نے ہدایت دی کہ درخواستوں کو التواء میں رکھنے کے بجائے ہر سال نئی درخواستیں طلب کرتے ہوئے تمام کی یکسوئی کردی جائے ۔ انہوں نے مائیکرو فینانسنگ کے سلسلے میں اضلاع میں بعض این جی اوز کی خدمات کا حوالہ دیا ۔ ہریش راؤ کو بتایا گیا کہ ریاست میں 40 اُردو لائبریریز اور 34 کمپیوٹر سنٹرس ہیں ۔ کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بنانے کیلئے فیکلٹیز کو ای سی آئی ایل میں ٹریننگ دی گئی ۔ 10 کمپیوٹر سنٹرس کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر 10 کروڑ کے مصارف ہوں گے ۔ لائبریریز اور کمپیوٹر سنٹرس کو ایک ہی مقام پر رکھنے کیلئے ریاست میں جملہ 38 سنٹرس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ہریش راؤ نے سرکاری دفاتر کے سائن بورڈس پر اُردو کی شمولیت اور اُردو میڈیم اساتذہ کے تقررات کے سلسلے میں محکمہ تعلیم سے بات چیت کرنے اے کے خاں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اُردو میڈیم کی ایسی جائیدادیں جو ایس سی / ایس ٹی کے زمرہ میں آتی ہیں انہیں عام زمرہ کے تحت لانے کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بہت جلد سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس کے بڑے پیمانے پر تقررات ہوں گے ۔ اقلیتوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریننگ کیمپس منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار مدرسہ بورڈ کی طرز پر حکومت دینی مدارس کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT