Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ہر شہری کو روزآنہ 100 لیٹر پینے کا پانی

ہر شہری کو روزآنہ 100 لیٹر پینے کا پانی

عالمی صحت تنظیم کے اُصولوں کے مطابق ہر گھر کو سربراہی آب کو یقینی بنانے حکومت تلنگانہ کوشاں
حیدرآباد ۔ /29 اگست (سیاست نیوز) عالمی صحت تنظیم کی جانب سے روزانہ ہر شہری کو 55 لیٹر صاف ستھرا پینے کا پانی فراہم کرنے کے اصولوں سے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے ہر شہری کو روزانہ 100 لیٹر صاف ستھرا خالص پینے کا پانی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ حکومت اپنے پروقار تلنگانہ ڈرینکنگ واٹر سپلائی پراجکٹ (واٹر گرڈ) کے ذریعہ شہریوں کو پانی سربراہ کرے گی ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق عالمی صحت تنظیم کے تازہ اصولوں میں بتایا گیا ہے کہ ہر شہری کو روزانہ کم از کم 70 لیٹر پانی سربراہ کیا جائے ۔ اس کے منجملہ پینے کے مقصد سے 55 لیٹر خالص صاف ستھرا پانی سربراہ کیا جانا چاہئیے ۔ مابقی 15 لیٹر پانی روزمرہ استعمال کیلئے دیا جائے ۔ لیکن حکومت تلنگانہ نے مواضعات میں روزانہ فی کس 100 لیٹر پینے کا پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ واٹر گرڈ اسکیم کے تحت میونسپل کارپوریشنوں میں 150 لیٹر پانی فی کس سربراہ کیا جائے گا ۔ حکومت تلنگانہ ہر گھر کو پینے کے پانی کا نل کنکشن دے گی ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ دو سال کیلئے ندیوں سے پانی حاصل کرکے یا جہاں خشک تالاب ہیں وہاں سے بھی پانی کی نکاسی کی جائے گی ۔ حکومت تلنگانہ دریائے کرشنا اور گوداوری سے 39.272 ٹی ایم سی فٹ پانی نل کے ذریعہ سربراہ کرے گی اور اس پانی کو واٹر گڈ کے لئے سپلائی کیا جائے گا ۔ حکومت نے اس خصوص میں 17087 کروڑ لاگتی کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں ۔ اس رقم کے ذریعہ کنویں کھودے جائیں گے اور اس خصوص میں کام شروع ہوچکا ہے ۔ دوسرے مرحلے میں حکومت ٹکنیکل بولیاں بھی طلب کرے گی ۔ ان بولیوں کی جمعرات کو کشادگی عمل میں آئے گی ۔ تیسرے مرحلے کے ٹنڈرس کی طلبی تین دن قبل ہی عمل میں آئی ہے اور ان ٹنڈرس  کی کشادگی 12 دن کے بعد عمل میں آئے گی ۔ جمعرات کے دن جو ٹنڈرس کھولے جائیں گے وہ سیول ورکس اوور ہیڈ ٹینکس اور پمپ شٹس کے علاوہ ٹریٹمنٹ پلانٹس ، پائپ لائین بچھانے ، اسٹاف کوارٹرس کی تعمیر ، ذخائر کی تعمیر ، سمپس بنانے ، زیرزمین ریزروائر ، پمپ رومس اور دیگر کاموں کیلئے ہوں گے ۔ واٹر گڈ کے لئے حکومت نے 36 ہزار کلو میٹر کی اصل لائینوں کو بچھانے کی تجویز رکھی ہے ۔ دیگر 45 ہزار کلو میٹر کی انفرادی لائینیں ہوں گی اور یہ واٹر گرڈ 235.52 لاکھ دیہی اور 65.73 لاکھ شہری آبادی کا احاطہ کرے گا ۔ اس کے لئے جملہ پراجکٹ لاگت 38500 کروڑ ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT